پٹنہ: بہار میں این ڈی اے کی طاقتور لہر نے جہاں آر جے ڈی اور کانگریس جیسی اہم سیاسی پارٹیوں کو چاروں شانے چت کر دیا، وہیں اسدالدین اویسی کی پارٹی AIMIM نے پانچ نشستیں جیت کر اپنی مضبوط موجودگی دوبارہ ثابت کر دی ہے۔ 2020 کے اسمبلی انتخابات میں بھی AIMIM نے پانچ سیٹیں جیتی تھیں۔
اس بار بھی پارٹی نے آر جے ڈی، کانگریس اور جے ڈی یو کو کئی حلقوں میں شکست دی ہے۔ انتخابی کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق، ریاست میں AIMIM کا ووٹ شیئر تقریباً دو فیصد (1.90فیصد رہا۔ جوکی ہاٹ حلقے سے محمد مرشد عالم نے جے ڈی یو کے منظر عالم کو 28803 ووٹوں کے بڑے فرق سے ہرایا۔ مرشد عالم کو 83737 اور منظر عالم کو 54934 ووٹ ملے۔ جَن سُراج پارٹی کے سرفراز عالم کو 35354 ووٹ ملے۔
بہادر گنج سیٹ سے AIMIM کے محمد توصیف عالم نے کانگریس کے محمد مسور عالم کو ہرایا۔ توصیف کو 87315 ووٹ ملے اور وہ 28726 ووٹوں کے فرق سے جیتے۔ ایل جے پی (رام ولاس) کے محمد کلیم الدین 57195 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
کوچہ دھامن حلقے میں AIMIM کے محمد سرور عالم نے آر جے ڈی کے مجاہد عالم کو شکست دی۔ سرور عالم نے 81860 ووٹ حاصل کیے اور 23021 ووٹوں کے فرق سے جیت درج کی۔ بی جے پی کی بینادےوی 44858 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ امور سے AIMIM کے ریاستی صدر اخترالایمان جیتے۔ انہیں 100836 ووٹ ملے اور وہ 38928 ووٹوں سے فاتح رہے۔
جے ڈی یو کے سبا جعفر کو 61908 اور کانگریس کے عبدالجلیل مستان کو 52791 ووٹ ملے۔ بایسی حلقے سے AIMIM کے غلام سرور نے بی جے پی کے ونود کمار کو شکست دی۔ سرور کو 92766 جبکہ ونود کمار کو 65515 ووٹ ملے۔ AIMIM امیدوار 27251 ووٹوں کے فرق سے جیت گئے۔ آر جے ڈی کے عبدالصبحان 56000 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔