بہار حج بھون: تعلیم کے لئے ایک مشعل راہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-02-2021
بہار حج بھون
بہار حج بھون

 

سراج انور ۔ پٹنہ

مسلم معاشرہ دینی کاموں کے ساتھ ساتھ دنیاوی ترقی کے لئے بھی زبردست بیداری پائی جارہی ہے،جس کا نمونہ کورونا وبا کے دوران دیکھا گیا تھا۔ہر سطح پرمسلمانوں کی عملی حصہ داری بڑھ رہی ہے۔بات سماجی سرگرمیوں کی ہو یا پھر تعلیمی اورمعاشی۔اب مسلمانوں نے اپنی بیداری کا ثبوت دینا شروع کردیا ہے۔اس کی ایک نظیر کوئی اور نہیں بہار کا حج بھون پیش کررہا ہے۔ ہارڈنگ روڈ پر واقع حج بھون میں جہاں ایک طرف مسلمانوں کو حج کی زیارت کے بارے میں بتایا جاتا ہے وہیں دوسری طرف اقلیتی نوجوانوں کو داروغہ سے پولیس افسر بننے کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ یہاں سے لوگ یکساں طور پراللہ کی راہ اور ملک کی خدمت میں نکل رہے ہیں۔ حاجی اور افسر بنانے کا یہ سنگم کہیں اور نہیں دیکھا جا سکتا۔ اس وقت یہاں پر عازمین حج کے لئے ہونے والی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ حالانکہ کورونا کے باعث اس بار حجاج کرام کی تعداد بہت کم ہے۔ حج بھون میں حج کے سفر سے لے کرمکہ سے واپسی تک حاجیوں کی تمام سہولیات کا خیال رکھا جاتا ہے۔ اسی مقصد کے پیش نظر ڈیڑھ دہائی قبل حج بھون کو قائم کیا گیا تھا۔

حج بھون کا بہتر استعمال

چونکہ حج سال بھر تک چلنے والا پروگرام نہیں ہوتا ہے ، اس لئے ریاستی حج کمیٹی دفتر کے علاوہ ، بہار سنی وقف بورڈ ، بہار شیعہ وقف بورڈ کا دفتر بھی یہاں پر قائم کیا گیا ہے- اس کے علاوہ معاشرے کے بچوں کو سرکاری ملازمتوں سے جوڑنے کے لئے مفت کوچنگ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ اب تک سیکڑوں بچوں نے اس کوچنگ سے فائدہ اٹھایا ہے۔ حکومت بہار کے محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر انتظام حج بھون کی کوچنگ اور رہنمائی نے اقلیتی برادری کے بچوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا کیا ہے- محکمہ اقلیتی بہبود اس پروگرام کے تحت کمپٹیشن امتحانات کی تیاری کے لئے امیدواروں کو ہر طرح کی سہولیات مہیا کررہا ہے۔

جدید سہولیات

ملک کے نامور اساتذہ کے ذریعہ کوچنگ ، ان کے تجربات سے ​​امیدواروں کی رہنمائی کرنا ، جنرل اسٹڈی کے لئے نئے پیٹرن پر مبنی کلاسیز، 24 گھنٹے لائبریری کی سہولیات ، مطالعاتی مواد ، جرائد ، انٹرنیٹ ، گروپ ڈسکشن ، مضمون وار ٹیسٹ سیریز اورخواتین امیدواروں کے لئے خواتین وارڈن جیسے متعدد انتظامات کئے گیۓ ہیں- بہار پبلک سروس کمیشن کی تیاری کے لئے مفت رہائشی کوچنگ کا نظام بھی موجود ہے۔ اس رہائشی کوچنگ میں طلباء کو 24 گھنٹے لائبریری کی سہولت بھی حاصل ہے- اس کے لئے حج بھون کی ایک پوری منزل مختص کی گئی ہے۔

بہت سارے بیوروکریٹس

ایڈیشنل چیف سکریٹری ، محکمہ داخلہ مسٹر عامر سبحانی کی خصوصی دلچسپی سے یہ کوچنگ روز بروز پروان چڑھ رہی ہے اس سال داروغہ کی بحالی میں ، حج بھون سے کوچنگ حاصل کرنے والے 150 میں سے 93 امیدواروں نے مقابلہ کے امتحان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئے- کامیاب امیدواروں میں 8 لڑکیاں بھی شامل تھیں- تیئیس کامیاب امیدوار 56ویں سے 59 ویں بہار پبلک سروس کمیشن میں حج بھون کوچنگ کے تحت مفت رہائشی کوچنگ کے ذریعہ بہار انتظامیہ میں افسر بن چکے ہیں-60 ویں سے 62 ویں میں 15، 63 ویں میں 8 اور 64 ویں میں 23 امیدواروں نے بہار انتظامیہ میں خدمات انجام دیں۔

پہلی کوچنگ

حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی الیاس عرف سونو بابو کا کہنا ہے کہ طلبا کو اس کوچنگ سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس وقت بہار پبلک سروس کمیشن کے 65 ویں انٹرویو کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔ ماک انٹرویوز کے ذریعے انہیں کامیابی کی تدبیریں سکھائی جارہی ہیں- انہوں نے بتایا کہ یہ کوچنگ بہار پولیس انڈر انسپکٹر اور دیگر کے عہدوں پربحالی کی تیاری کے ساتھ 2010 میں شروع کی گئی تھی۔ 2014 سے بی پی ایس سی کی بھی تیاری کرائی جارہی ہے- بہار حج بھون میں پی ٹی ، مینز اور انٹرویو کی تیاری مفت میں کرائی جاتی ہے۔

بھاگل پور- دربھنگہ میں بھی کوچنگ کا آغاز ہوا

حج بھون کے حوصلہ افزا نتائج کے پیش نظر ،بھاگل پور اور دربھنگہ میں بھی اسی طرح کی کوچنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ بی پی ایس سی کے علاوہ 867 افراد حج بھون کوچنگ سے بہار پولیس کے متعدد عہدے پرخدمات انجام دے چکے ہیں-۔

حکومت کی منظوری

یہ بات کافی خود آئند ہے کہ مرکزی حکومت نے ملک کی حج عمارتوں میں سول سروسز امتحان کی مفت کوچنگ کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق ایک تجویز کو بھی منظوری دے دی ہے۔ ممبئی کے ہیڈ کوارٹر میں گذشتہ سات سالوں سے طلبا کو یو پی ایس سی کی مفت کوچنگ دی جارہی ہے۔ ہر سال 40 کے قریب بچوں کو یہاں کوچنگ دی جاتی ہے-۔حج کمیٹی نے تجویز پیش کی تھی۔

حج کمیٹی آف انڈیا نے حج ہاؤس میں سول سروسز امتحان کے لئے مفت کوچنگ حاصل کرنے کے لئے وزارت اقلیتی امور کو ایک تجویز بھیجی تھی جسے وزارت نے منظور کرلیا- مرکزی حکومت نے مرکزی حکومت کے تحت آنے والی حج عمارتوں میں یو پی ایس سی کے لئے مفت کوچنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسرے اداروں کا حوصلہ بھی بڑھا سونو بابو کا کہنا ہے کہ مسلسل کامیابی نے بہار حج کمیٹی اور دیگر اداروں کو بی پی ایس سی اور یو پی ایس سی کوچنگ کے لئے لڑکوں اور لڑکیوں کے تعاون کی ترغیب دی ہے۔