بیتیہ
بہار کے بیتیہ شہر کے مجھولیا علاقے میں دریائے دھنوتی پر قائم ایک پل کا حصہ منہدم ہو گیا ہے، جس کے بعد پل پر ہر قسم کی آمد و رفت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔دیہی تعمیرات محکمہ (رورل ورکس ڈپارٹمنٹ) کی بیتیہ ڈویژن کی ٹیم منگل کو موقع پر پہنچ گئی اور پل کے اطراف بیریکیڈز لگا دیے، جس کے بعد کسی بھی گاڑی کو متاثرہ پل سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
لال سرائیا پنچایت میں واقع یہ پل بکھریا کو کرموا سے جوڑتا تھا اور تقریباً ایک درجن پنچایتوں کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ تھا۔دیہی تعمیرات محکمہ کے ٹیکنیکل سپروائزر آکاش کمار نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پل تقریباً 35 سے 40 سال پرانا ہے۔ ہم نے یہاں احتیاطی بورڈ اور بیریکیڈز نصب کر دیے ہیں اور کسی بھی گاڑی کو پل سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور ہمیں اس مسئلے کا جلد حل نکالنا ہوگا۔
ایک مقامی رہائشی نے دعویٰ کیا کہ پل تقریباً ایک ماہ قبل ہی کمزور ہونا شروع ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا، "ایک موٹر سائیکل اور ایک خاتون بھی پل سے گر گئی تھیں۔ ہمیں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ہمارا کاروبار بھی متاثر ہو کر تقریباً بند ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ مئی میں بھی بیسن پور-منگل پور گنڈک پل میں، جو بیتیہ اور گوپال گنج کی سرحد کے قریب واقع ہے، ایک دراڑ نمودار ہوئی تھی۔اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ 3 مئی کو پیش آیا تھا، جب دریائے گنگا پر واقع وکرم شیلا سیتو کے دو ستونوں کے درمیان موجود ایک سلیب گر گئی تھی۔ یہ پل پوروانچل اور سیمانچل کے علاقوں کو آپس میں جوڑنے والا اہم رابطہ تھا۔
حادثے کے بعد ٹریفک روک دی گئی تھی اور متبادل راستے اختیار کیے گئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق پہلے 10 انچ چوڑا ایکسپینشن جوائنٹ بیٹھ گیا، جس کے بعد ستون نمبر 133 کے قریب موجود سلیب ٹوٹ کر دریا میں جا گری۔
یہ پل بھاگلپور اور سیمانچل کے درمیان آمد و رفت کا ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔دریں اثنا، بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے بھاگلپور کے وکرم شیلا سیتو پر تعمیر کیے گئے بیلی پل کا معائنہ کیا تھا اور کہا تھا کہ 30 نومبر تک پل کے مکمل طور پر فعال ہونے تک عارضی انتظامات برقرار رہیں گے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سمراٹ چودھری نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ پل کی مکمل بحالی تک دونوں اطراف کے مسافروں کو مفت آمد و رفت کی سہولت فراہم کی جائے۔