بنگال: اس بار درگا پوجا پنڈالوں سےآزادی وفرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دیا جائے گا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2022
بنگال: اس بار درگا پوجا پنڈالوں سےآزادی وفرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دیا جائے گا
بنگال: اس بار درگا پوجا پنڈالوں سےآزادی وفرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دیا جائے گا

 

 

کولکاتہ: مغربی بنگال کا درگا پوجا اپنی ثقافتی اہمیت کے سبب عالمی شہرت کا حامل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندووں کا یہ تہوار یہاں کے مسلمان، سکھ، عیسائی اور دوسرے طبقوں کئ افراد بھی مل جل کر مناتے ہیں اور بھائی چارہ وقومی یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں۔ اس سال کے درگا پوجا میں اب زیادہ وقت نہیں بچا ہے اور پوجا کمیٹیوں نے ابھی سے طے کرلیا ہے کہ وہ کس تھیم پر پوجا پنڈال بنائیں گے اور لائٹنگ وغیرہ کے ذریعے کیا پیغام دیں گے۔

ایک کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ فرقہ وارانہ یکجہتی کے تھیم کو پنڈال کے ذریعے پیش کرے گی تو دوسری کمیٹی کا کہنا ہے کہ وہ آزادی کے پچہتر سال کی مناسبت سے پنڈال بنائے گی اور عوام کو آزادی وطن کی اہمیت بتائے گی۔ گویا اس سال کولکاتہ میں درگا پوجا پنڈال فطرت،جشن آزادی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے تھیم پر بنائے جائیں گے۔ منتظمین ہر سال تھیم کی بنیاد پر پنڈال کو روشنیوں اور مورتیوں سے سجاتے ہیں۔

شمالی کولکاتہ میں کاشی بوس لین پوجا کمیٹی کے جنرل سکریٹری سومن دتہ نے بتایا کہ وہ مٹی (دھرتی) کی بنیاد پر سجاوٹ کریں گے۔کمیٹی کے جنرل سکریٹری سومین دتہ نے بتایا، ’مدر ارتھ‘ ہمارے وجود میں پیوست ہے اور یہ وہ جگہ ہے جہاں ہم موت کے بعد واپس چلے جاتے ہیں۔ یہ زمین پر درختوں اور پودوں کے اگنے کے ساتھ تخلیق کی بھی نشاندہی کرتی ہے۔

ان کے مطابق پنڈال کو بھی پچھلے سالوں کی نسبت بڑا بنایا جائے گا۔ شہر کے درگا پوجا منتظمین کے فورم درگااتسو سے وابستہ دتا نے کہا کہ تمام پوجا کمیٹیوں کے ارکان یکم ستمبر کو شہر کی درگا پوجا کو انسانیت کی غیر محسوس ثقافتی ورثہ کے طور پر تسلیم کرنے کا جشن منانے کے لیے ایک ریلی نکالیں گے۔ یونیسکو پر حکومت ہند نے زور دیا ہے کہ گربا کو بھی ورثے کا درجہ دیا جائے۔

شمالی کولکاتہ میں کالج اسکوائر پوجا کمیٹی کے ترجمان، بیکاش مجمدار نے کہا کہ اس بار وہ ورنداون میں رادھا کرشن مندر سے مشابہت والا پنڈال بنائیں گے۔ اس میں تقریباً ایک لاکھ لوگ اکٹھے ہو سکیں گے۔ آزادی کی 75ویں سالگرہ منانے والے پنڈال اور ان کی پوجا کمیٹی کے اندر آزادی پسندوں کی قربانیوں کو نمایاں طور پر دکھایا جائے گا۔

وہیں سماج سیبی سنگھ کے سکریٹری اریجیت مترا نے بتایا کہ اس بار پنڈال میں درگا پوجا 1946 کے ماحول کو زندہ کرے گی، جب کولکاتہ میں فرقہ وارانہ فسادات کے بعد فرقہ وارانہ بھائی چارے کے ساتھ درگا پوجا کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پنڈال کا تھیم فرقہ وارانہ بھائی چارے پر زور دے گا۔

غور طلب ہے کہ 2020 اور 2021 میں فیسٹیول کے دوران کوڈ19 وبائی امراض کی وجہ سے پابندیاں عائد تھیں مگر اب حالات معمول پر لوٹ آئے ہیں۔ ایسے میں پوجا کمیٹیاں بڑے پیمانے پر تیاریاں کر رہی ہیں اور اسپانسرز کا انتظار کر رہی ہیں۔ پچھلے سال 15 دسمبر کو یونیسکو نے 'کولکاتہ درگا پوجا' کو انسانیت کے غیر محسوس ثقافتی ورثوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

واضح ہوکہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس ہفتے ریاست کے 40,000 سے زیادہ درگا پوجا آرگنائزنگ کلبوں میں سے ہر ایک کی مالی امداد کو پچھلے سال کے 50,000 روپے سے بڑھا کر 60,000 روپے کر دیا، اس کے علاوہ بجلی کے بلوں پر 60 فیصد چھوٹ کا اعلان کیا۔

اریجیت مترا کہتے ہیں کہ "اگرچہ 60,000 روپے ہماری طرح کی ایک بڑی پوجا کے لیے ایک ٹوکن رقم ہے، لیکن یہ ریاستی حکومت کی پوجا کمیٹیوں کے لیے امداد اور وابستگی کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے جو بازار کی سستی کا شکار ہیں۔