بریلی: ایم ایل اے شہزیل اسلام کا میرج ہال، فارم ہاؤس حکام کی زد میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-04-2022
بریلی: ایم ایل اے شہزیل اسلام کا میرج ہال، فارم ہاؤس حکام کی زد میں
بریلی: ایم ایل اے شہزیل اسلام کا میرج ہال، فارم ہاؤس حکام کی زد میں

 

 

آواز دی وائس،بریلی

گزشتہ ہفتے پیٹرول پمپ کو منہدم کیے جانے کے بعد سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ایم ایل اے شہزیل اسلام انصاری کوبریلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) کی جانب سے اپنے مکان، میرج ہال اور فارم ہاؤس کے نقشے اور تجاوزات کے سلسلے میں نوٹس ملا ہے۔

 بی ڈی اے کے ایک اہلکار نے الزام لگایا کہ شہزیل اسلام کا فارم ہاؤس وقف زمین پر بنایا گیا تھا جب کہ میرج ہال قبرستان کے لیے مختص زمین پر بنایا گیا ہے۔ بی ڈی اے نے ضلع مجسٹریٹ(ڈی ایم)شیوکانت دویدی کو بھی ایک خط لکھا ہے جس میں تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس سے قبل منہدم کیا گیا پٹرول پمپ مبینہ طور پر سیلنگ ایکٹ(Ceiling Act) کے تحت آنے والی زمین پر بنایا گیا تھا۔

ڈی ایم نے بعد میں صدر کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ سے معاملے کی تحقیقات کرنےاوراس پر رپورٹ درج کرنے کو کہا ہے۔

شہزیل اسلام کے پٹرول پمپ کوسوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد منہدم کر دیا گیا تھا۔ جس میں مبینہ طورپراترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور بی جے پی کے کچھ دیگر اراکین کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا گیا تھا۔

بی ڈی اے کے وائس چیئرمین جوگندر سنگھ نے کہا کہ پیٹرول پمپ منظور شدہ نقشے کے بغیر تعمیر کیا گیا تھا اور اس کے لیے 30 دن کے اندر نقشہ کی منظوری کی شرط کے ساتھ ابتدائی طورپرکوئی اعتراض سرٹیفکیٹ(این او سی) جاری کیا گیا تھا جو مکمل نہیں ہوا تھا۔ ہمارے تمام کام قانون کے مطابق ہوتے ہیں۔ نیزمیرج ہال اور فارم ہاؤس کے مالک کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ تعمیرات بی ڈی اے کی منظوری کے بغیر، تجاوز شدہ اراضی پر کی گئی تھیں۔ نوٹس وصول کنندہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ منظور شدہ نقشے کی کاپی اور دیگر دستاویزات بھی جمع کرائیں۔ دریں اثنا ایم ایل اے شہزیل اسلام اس معاملے پر خاموش ہیں اور ان کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں آیا ہے۔ تاہم، ایس پی کے ریاستی صدر نریش اتم پٹیل نے کہا کہ پارٹی اس معاملے کو اسمبلی اجلاس میں اٹھائے گی۔