ملک کے دو بینکوں کی نجکاری کی پیش کش کے خلاف یونائٹڈ فورم آف بینک یونین کے تحت 9 یونین نے آج اور کل یعنی 15 اور 16 مارچ کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے یونین کے رہنماؤں کے مطابق اس ہڑتال میں تقریبا دس لاکھ ملازمین شرکت کریں گے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور کینرا بینک سمیت کئی سرکاری بینکوں نے اپنے صارفین کو ہڑتال کی وجہ سے بینک کے کام کاج پر اثر پڑنے کی اطلاع دے دی ہے۔
بینکوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے ہڑتال کے دوران خدمات فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدام اٹھائے ہوئے ہیں۔
واضح رہے بجٹ خطاب میں وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا تھا کہ حکومت اس سال دو سرکاری بینکو ں اور ایک بیمہ کمپنی کی نجکاری کرے گی۔ حکومت نے اس سے پہلے سال 2019 میں لائف انشورینس کمپنی یعنی ایل آئی سی کی حصہ داری آئی ڈی بی آئی بینک کو بیچی تھی۔ابھی ملک میں 12 سرکاری بینک ہیں اور اگر دو بینکوں کی نجکاری ہو گئی تو صرف دس سرکاری بینک رہ جائیں گے۔ گزشتہ چار سالوں میں 14 بینکوں کا انضمام ہو چکا ہے