پاکستان میں اقلیتوں پر حملہ قابلِ مذمت:نصیر الدین چشتی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-09-2021
سید نصیر الدین چشتی
سید نصیر الدین چشتی

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے چیرمین اور درگاہ اجمیر شریف کے دیوان سید نصیر الدین چشتی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہندو خاندان اور اقلیتوں پر حملہ قابل مذمت اور ناقابل معافی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنے آپ کو ایک اسلامی ملک کہتا ہے، لیکن مذہب کے نام پر تشدد کی اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں اسلام اور نبی کی اساسی تعلیمات کے خلاف ہیں۔

سید نصیر الدین چشتی کا یہ بیان اس سانحہ کے ذیل میں آیا ہے جو کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پیش آیا، جہاں ایک ہندو عالم رام بھیل اپنے مسلم دوست کے ہمراہ مسجد گئے اور پانی پیا۔

اس پر وہاں کے مقامی زمین دار مشتعل ہوگئے، انھوں نے رام بھیل کی پٹائی کی اور اسے یرمغال بنا لیا۔

سید نصیر الدین چشتی نے کہا کہ میں اسلامک ریپبلک آف پاکستان میں ہونے والے اس غیر اسلامی فعل سے انتہائی غم زدہ اور پریشان ہوں۔

انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ اشتعال انگیز ہے اور حیرت کی بات ہے کہ یہ ان کی طرف سے انجام دیا جاتا ہے جو فرقہ وارانہ ذہن رکھتے ہیں،مگر اسلام کا نام لیتے ہیں، حالاں کہ سچائی یہی ہے کہ وہ اصل میں اسلام کے دشمن ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے خلاف تشدد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،ایسا لگتا ہے کہ حکومت پاکستان ایسی شرمناک حرکت انجام دینے والوں کو پناہ دے رہی ہے۔

سیدنصیرالدین چشتی نے کہا کہ انھوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں پر ہونے والے تشدد کا نوٹس لیا جائے۔