اسمبلی انتخابات: دوسرے مرحلے کی پولنگ جمعرات کو

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-03-2021
آسام اور بنگال میں انتخابی مہم جاری
آسام اور بنگال میں انتخابی مہم جاری

 

 

آسام اور مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی چناؤ مہم اپنے عروج پر ہے اور یہ آج شام ختم ہو جائے گی۔ ان دونوں ریاستوں میں تیسرے مرحلے کی چناؤ مہم اور تمل ناڈو، کیرالہ اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پڈوچیری میں واحد مرحلے کے اسمبلی انتخابات کی چناؤ مہم میں تیزی آتی جا رہی ہے۔

آسام کے 13ضلعوں میں چناؤ مہم آج شام ختم ہو رہی ہے۔ ان ضلعوں میں 39 اسمبلی سیٹوں کےلئے دوسرے مرحلے میں جمعرات کو پولنگ ہوگی۔اس مرحلے میں 26 خواتین سمیت 345 امیدوار چناؤ میدان میں ہیں۔ اس مرتبہ تین بڑے اتحاد چناؤ میدان میں ہیں۔

ان میں بی جے پی کی سربراہی والا قومی جمہوری اتحاد NDA، کانگریس کی سربراہی والا مہاجوت یا عظیم اتحاد اور آسام جاتیہ پارٹی شامل ہیں۔ آسام میں اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں کرائے جا رہے ہیں۔ مغربی بنگال میں دوسرے مرحلے میں 30 سیٹوں کے لئے 19 خواتین سمیت 171 امیدوار چناؤ میدان میں ہیں۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات 8 مرحلوں میں کرائے جا رہے ہیں۔ ان دونوں ریاستوں میں تیسرے مرحلے کی پولنگ 6اپریل کو ہوگی ۔

اس مرحلے میں آسام میں 40 سیٹوں کے لئے 338 امیدوار انتخابی میدان میں ہوں گے جبکہ مغربی بنگال میں 31 سیٹوں کے لئے 205 امیدوار چناؤ میدان میں ہوں گے۔ کیرالہ، تمل ناڈو اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پڈوچیری میں بھی اگلے مہینے کی 6 تاریخ کو ایک ہی مرحلے میں پولنگ ہوگی۔