کسانوں کو کچلنے کے ملزم آشیش مشرا رہا،ٹکیت نے دی دھرناکی دھمکی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 15-02-2022
کسانوں کو کچلنے کے ملزم آشیش مشرا رہا،ٹکیت نے دی دھرناکی دھمکی
کسانوں کو کچلنے کے ملزم آشیش مشرا رہا،ٹکیت نے دی دھرناکی دھمکی

 

 

لکھیم پور: لکھیم پور کھیری کیس کے اہم ملزم آشیش مشرا لکھیم پور جیل سے باہر آ گئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے انہیں الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے ضمانت دی تھی۔ آشیش کو تقریباً چار ماہ قبل گرفتار کیا گیا تھا۔

مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ اجے مشرا عرف ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا پر گزشتہ سال 3 اکتوبر کو لکھیم پور کھیری ضلع کے ٹکونیا گاؤں میں احتجاجی کسانوں کو جیپ سے کچلنے کا الزام ہے۔

آشیش مشرا کے وکیل اودھیش سنگھ انہیں گھر لانے جیل پہنچے تھے۔

انھوں نے ضمانت کی شرائط کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا کہ گواہوں پر دباؤ نہ ڈالنے اور ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔

الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے 10 فروری کو آشیش مشرا کی ضمانت کی درخواست قبول کرتے ہوئے انہیں ضمانت دینے کا حکم دیا تھا۔ گزشتہ روز عدالت نے ضمانت کے حکم میں بہتری کی۔

اس سے آشیش کی جیل سے رہائی کا راستہ صاف ہوگیا۔ اس بیچ آشیش مشرا کی رہائی کو بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے افسوسناک قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک اور معاشرے کے لیے اچھا نہیں ہے۔ راکیش ٹکیت نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے۔ لکھیم پور کے لوگ اس واقعہ کو نہیں بھول سکتے۔ ملزم جیل سے باہر آئے تو دکھ ہوتا ہے۔ یہ ملک اور معاشرے کے لیے اچھا نہیں ہے۔ راکیش ٹکیت نے کہا کہ اگر انہیں رہا کیا گیا تو ہم دھرنا دیں گے۔