آسارام کو سپریم کورٹ کا جھٹکا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-06-2021
آسا رام
آسا رام

 

 

نئی دہلی:عصمت دری معاملہ میں تاحیات قید و بند کی سزا کاٹ رہے آسا رام نے سپریم کورٹ میں اپنی ضمانت کی عرضی داخل کی تھی جسے آج خارج کر دیا گیا۔ یہ آسا رام کے لیے ایک زبردست جھٹکا ہے کیونکہ جب ان کی ضمانت عرضی راجستھان ہائی کورٹ نے مسترد کر دی تھی تو بہت امیدوں کے ساتھ انھوں نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ دراصل آسا رام نے اپنی خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے عبوری ضمانت کی عرضی عدالت عظمیٰ میں داخل کی تھی۔ حالانکہ عدالت اس بات پر سماعت کے لیے رضامند ہو گیا ہے کہ آسا رام کو راجستھان یا کہیں دوسری جگہ آیورویدک علاج مرکز میں بھیجا جا سکتا ہے یا نہیں۔ اس سلسلے میں عدالت عظمیٰ نے راجستھان حکومت کو نوٹس بھی جاری کیا ہے۔

 سپریم کورٹ نے راجستھان حکومت سے ایک ہفتے کے اندر جواب مانگا ہے اور کہا ہے کہ وہ بعد میں جانچ کرے گا کہ کیا عصمت دری معاملے میں آسام رام کو راجستھان یا کسی دیگر مقام پر بھیجا جا سکتا ہے۔ اس تعلق سے آئندہ سماعت کے لیے منگل کا روز بھی طے کر دیا گیا ہے۔

 واضح رہے کہ نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی استحصال کے الزام میں جودھپور جیل میں بند آسا رام کی گزشتہ دنوں طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی۔ اس کے بعد جودھپور ہائی کورٹ نے انھیں ایمس میں علاج کرانے کی ہدایت دی تھی۔ ایمس میں علاج کے بعد وہ کورونا انفیکشن سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔