دفعہ 370 کا جموں و کشمیر میں امن قائم کرنے سے کوئی تعلق نہیں: امت شاہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-12-2021
دفعہ 370 کا جموں و کشمیر میں امن قائم کرنے سے کوئی تعلق نہیں: امت شاہ
دفعہ 370 کا جموں و کشمیر میں امن قائم کرنے سے کوئی تعلق نہیں: امت شاہ

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کہا کہ آرٹیکل 370 کے سات دہائیوں سے زائد عرصے سے موجود ہونے کے باوجود جموں و کشمیر میں امن نہیں ہے، اس لیے یہ واضح ہے کہ آرٹیکل 370 کا جموں و کشمیر میں امن کے قیام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

شاہ نے یہ بات ہفتہ کو ایک انگریزی روزنامے کی کانفرنس میں سوالوں کے جواب میں کہی۔

جموں و کشمیر میں ریاستی حیثیت کی بحالی کو سیاسی مطالبہ قرار دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پہلے حد بندی ہوگی، اس کے بعد انتخابات ہوں گے اور پھر قواعد کے مطابق ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا۔ سیاسی پارٹیاں ریاست کی حیثیت کو ایشو بنا رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جس طرح سے امن و امان بحال ہو رہا ہے، سیاح جا رہے ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کے کئی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، جو پہلے نہیں ہوا۔ امید ہے کشمیری عوام اس تبدیلی کا خیر مقدم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام پارٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جمہوری عمل کا حصہ بنیں۔ 370 کا وہاں کے امن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ کیا 1990 کی دہائی میں آرٹیکل 370 موجود نہیں تھا، اس کے وجود کے باوجود امن کیوں نہیں تھا؟

انہوں نے کہا کہ اگر اب ٹارگیٹ کلنگ کو بھی جوڑ لیں تو پہلے کے مقابلے میں ہلاکتوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔