انیس خان قتل: ایس آئی ٹی ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 14-03-2022
انیس خان قتل: ایس آئی ٹی ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے
انیس خان قتل: ایس آئی ٹی ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے

 


آواز دی وائس،کولکاتہ

انیس خان قتل معاملہ میں کولکاتہ ہائی کورٹ نے ایس آئی ٹی کو ایک ماہ کے اندر جانچ مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ کولکاتہ ہائی کورٹ نے پیر کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کو ہدایت دی کہ وہ ایک ماہ کے اندر اندر طالب علم انیس خان کے قتل کی تحقیقات مکمل کرے۔

خیال رہے کہ انیس خان گذشتہ ماہ 19فروری 2022 کو صبح سویرے ہاوڑہ ضلع کے امتا بلاک میں واقع اپنے گھر پر پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے تھے۔

 عدالت نے اس سے قبل اس واقعہ کا ازخود نوٹس لیا تھا اور اسے "سنگین اور چونکا دینے والا" قرار دیا تھا۔ جسٹس راج شیکھر منتھا نے قبل ازیں سی بی آئی جانچ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو ہاوڑہ ڈسٹرکٹ جج کے ذریعہ مقرر کردہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ذریعہ جانچ جاری رکھنے کی اجازت دی۔

عدالت نے ہاوڑہ ڈسٹرکٹ جج کی نگرانی میں ایس آئی ٹی کے ذریعہ دوسرا پوسٹ مارٹم کرانے کا بھی حکم دیا۔

جسٹس منتھا نے سماعت کے آخری دن ایس آئی ٹی کی رپورٹ کو ریکارڈ پرلیتےہوئےحکم دیا کہ رپورٹ کی ایک کاپی عرضی گزار کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کو دی جائے۔ جسٹس منتھا نے پیر کو ایس آئی ٹی کو ہدایت دی کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے ایک ماہ کے اندر معاملے کی جانچ مکمل کرے۔

اس کے بعد عدالت فیصلہ کرے گی کہ آیا تحقیقات سی بی آئی کو سونپنے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ تحقیقات منصفانہ طریقے سے کی جائیں۔

عدالت نے مزید ہدایت کی کہ متوفی کے موبائل فون کی جانچ کی بنیاد پر تیار کی گئی فرانزک رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کی جائے۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت17اپریل کو ہوگی۔