آندھراپردیش: شری وینکٹیشورا سوامی مندر میں بھگدڑ، اب تک 9 ہلاک ، متعدد زخمی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-11-2025
آندھراپردیش: شری وینکٹیشورا سوامی مندر میں بھگدڑ، اب تک 9 ہلاک ، متعدد زخمی
آندھراپردیش: شری وینکٹیشورا سوامی مندر میں بھگدڑ، اب تک 9 ہلاک ، متعدد زخمی

 



شری کا کولم: آندھرا پردیش کے ضلع شری کاکولم کے کاشی بُگّہ علاقے میں واقع شری وینکٹیشورا سوامی مندر میں ہفتے کے روز ایکادشی کے موقع پر بھگدڑ مچ گئی۔ اس افسوسناک حادثے میں 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق کارتک مہینے کے موقع پر بڑی تعداد میں عقیدت مند درشن کے لیے مندر پہنچے تھے۔ بھیڑ اتنی زیادہ ہوگئی کہ مقامی انتظامیہ اور مندر کمیٹی حالات پر قابو نہیں رکھ سکی۔ اچانک دھکم پیل شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔ لوگ ایک دوسرے پر گرنے لگے اور موقع پر افراتفری پھیل گئی۔ رُسکیو آپریشن جاری ہے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ این چندر بابو نائیڈو نے اس دردناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا: “کاشی بگّہ کے وینکٹیشورا مندر میں بھگدڑ کا واقعہ نہایت افسوسناک ہے۔ عقیدت مندوں کی موت دل دہلا دینے والی ہے۔ میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔”

انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے علاج کے لیے فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے مقامی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کو موقع پر جا کر رُسکیو اور بحالی کے کاموں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ ریاستی حکومت نے تحقیقات کے احکامات دے دیے ہیں، جب کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موقع پر موجود ہیں اور صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔