اننت ناگ تصادم: پولیس آفیسر کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹ مارا گیا: آئی جی کشمیر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 26-12-2021
اننت ناگ تصادم: پولیس آفیسر کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹ مارا گیا: آئی جی کشمیر
اننت ناگ تصادم: پولیس آفیسر کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹ مارا گیا: آئی جی کشمیر

 

 

سری نگر: جنوبی ضلع اننت ناگ کے سریگفوارہ بجبہاڑہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصاد م میں ایک جنگجو ہلاک ہوا ہے۔ ُپولیس ترجمان نے بتایا کہ ’ضلع اننت ناگ کے ’’سریگفوارہ کے کلان ‘‘ گاوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں وکشمیر پولیس اور فوج نے ہفتے کی شام کو مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابط طورپر تصادم شروع ہوا۔

پولیس ترجمان کے مطابق گولیوں کا تبادلہ تھم جانے کے بعد تصادم کی جگہ ایک مقامی ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی گئی جس کی بعد میں شناخت 19سالہ فہیم احمد بٹ ولد گل محمد بٹ ساکن کانڈی پورہ بجبہاڑہ کے بطور ہوئی ہے۔

آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک جنگجو فہم نے حال ہی میں ’’آئی ایس جے کے‘‘ نامی ممنوع تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ملی ٹینٹ کو سرینڈر کرنے کا بھر پور موقع فراہم کیا گیا لیکن اُس نے حفاظتی عملے پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کے بعد سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا۔ ’’آئی جی کے مطابق فہیم اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اشرف کے قتل میں ملوث تھا‘‘۔

بتادیں کہ 22 دسمبر 2021 کی شام کو جب اسسٹنٹ سب انسپکٹر بجبہاڑہ پولیس تھانے سے باہر آیا تو اُس پر فائرنگ کی گئی اگر چہ اُس سے فوری طورپر اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ وہاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ علاوہ ازیں پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران جنوبی کشمیر میں تین الگ الگ تصادم آرائیوں میں 5 جنگجو جاں بحق ہوئے ہیں۔ (ایجنسی )