اے ایم یو: ڈاکٹروں کو کووِڈ ٹیکہ کاری میں نمایاں خدمات کے لئے اعزاز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
اے ایم یو: ڈاکٹروں کو کووِڈ ٹیکہ کاری میں نمایاں خدمات کے لئے اعزاز
اے ایم یو: ڈاکٹروں کو کووِڈ ٹیکہ کاری میں نمایاں خدمات کے لئے اعزاز

 

 

علی گڑھ، :جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران، ڈاکٹر حسینی ایس حیدر مہدی (میڈیسن شعبہ) اور ڈاکٹر علی جعفر عابدی (کمیونٹی میڈیسن شعبہ) کو اترپردیش میں کووِڈ ٹیکہ کاری مہم کو کامیابی کے ساتھ شروع کرنے میں نمایاں خدمات انجام دینے کے لئے نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) اور اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے ’دی سیویئر‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

    علی گڑھ ضلع کے سی ایم او ڈاکٹر نیرج تیاگی نے ڈاکٹر حسینی حیدر اور ڈاکٹر جعفر عابدی کو اعزاز سے نوازتے ہوئے کہا: ”ان کا اور ملک بھر میں پھیلے دیگر ڈاکٹروں کا ہندوستان میں دو بلین کووڈ ویکسینیشن کا سنگ میل عبور کرنے میں اہم کردار رہا ہے“۔

    ڈاکٹر حسینی حیدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکن بڑھتے ہوئے ذاتی خطرات کے باوجود کووِڈ ویکسین کی خوراکیں دے رہے ہیں اور اس طرح کے ایوارڈ، وبا کے خلاف جنگ کو مضبوط بنانے کے لئے ہماری کوششوں کا اعتراف کرتے ہیں۔

    ڈاکٹر علی جعفر عابدی نے کہا: ”کووڈ کے خلاف ویکسینیشن یا لڑائی ایک اجتماعی کوشش ہے اور اکیلے کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔ صحت کارکنوں نے روزانہ صبح سے شام تک گھنٹوں کیمپنگ سائٹس پر خدمت انجام دیتے ہوئے ڈیوٹی سے بڑھ کر کام کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکہ لگایا جا سکے“۔