کیپٹن امریندر کی امت شاہ سے ملاقات

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-09-2021
کیپٹن امریندر  کی امت شاہ سے ملاقات
کیپٹن امریندر کی امت شاہ سے ملاقات

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی ہے۔

وزیرداخلہ امت شاہ سے ان کی ملاقات تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی، تاہم دونوں کے درمیان کیا باتیں ہوئی ہیں، اس کی تفصیلات ابھی نہیں آئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا بھی موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کل کوئی بڑا کانگریس لیڈر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر سکتا ہے۔ اسے کیپٹن امریندر سنگھ سے جوڑا جا رہا ہے۔

کپٹن گذشتہ 28 ستمبر 2021 کو قومی دارالحکومت دہلی پہنچے تھے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انہوں نے کسی بھی سیاسی رہنما سے ملاقات نہیں کی تھی، البتہ یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ وہ وزیرداخلہ سے ملنے والے ہیں۔  

 ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی راجیہ سبھا کے ذریعے امریندر کو بھی حکومت میں لا سکتی ہے اور انہیں وزیر زراعت بنایا جا سکتا ہے۔ پنجاب میں کانگریس نوجوت سدھو کے استعفیٰ سے الجھی ہوئی ہے۔ ایسے میں کیپٹن کی اس ملاقات نے پنجاب میں سیاسی گرمی کو مزید تیز کر دیا ہے۔

ان کا دہلی دورہ پنجاب کی سیاست کے نقطہ نظر سے بہت اہم ہے۔ کیپٹن کو ذلیل کیا گیا اور اسے وزیراعلیٰ کی کرسی چھوڑنی پڑی۔

بطور وزیر اعلیٰ وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے اکثر ملتے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹن کا راستہ زرعی قانون کی واپسی کے ذریعے بنایا جائے گا۔ کیپٹن امریندر سنگھ کی امیت شاہ سے ملاقات کے بعد اب کئی طرح کی بات چیت شروع ہو گئی ہے۔

اگر ذرائع پر یقین کیا جائے تو اب کیپٹن کے لیے ایگریکلچر ریفارم ایکٹ بڑے کام کا ہو سکتا ہے۔ کیپٹن اب قانون کے حوالے سے مشتعل کسانوں سے مل سکتے ہیں۔ انہیں مرکزی حکومت اور اکھیل بھارتیہ کسان مورچہ کے درمیان ثالثی سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔