تریپورہ تشدد: امت شاہ کی ترنمول کانگریس کے وفد سے ملاقات

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-11-2021
 
 
تریپورہ تشدد: امت شاہ کی ترنمول کانگریس کے وفد سے ملاقات
تریپورہ تشدد: امت شاہ کی ترنمول کانگریس کے وفد سے ملاقات

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ترنمول کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ کے وفد کو تریپورہ میں سیاسی تشدد کے واقعات کا نوٹس لینے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

ترنمول ممبران پارلیمنٹ کے ایک وفد نے پیر کو مسٹر شاہ سے تریپورہ میں سیاسی تشدد اور ترنمول کے نوجوان لیڈر سیانی گھوش کی گرفتاری کے معاملے پر ملاقات کی اور اس کا نوٹس لینے کے لئے انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا۔

ترنمول ایم پی کلیان بنرجی نے مسٹر شاہ سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹر شاہ نے انہیں بتایا کہ انہوں نے اتوار کو تریپورہ کے وزیر اعلیٰ وپلو کمار دیو سے بات کی ہے اور سیاسی تشدد کے واقعات کی تفصیلات مانگی ہیں۔

بنرجی نے کہا کہ مسٹر شاہ نے وزیر اعلی مسٹر دیو سے ترنمول لیڈر محترمہ گھوش پر پولیس کی بربریت اور ان کی گرفتاری کے معاملے پر بھی رپورٹ طلب کی ہے۔

ترنمول کے ایم پی سوگت رائے نے کہا، ’’ہم نے وزیر داخلہ کو تفصیل سے بتایا کہ کس طرح تریپورہ میں کارپوریشن انتخابات کے دوران سیاسی نفرت کی وجہ سے ہمارے لیڈروں اور کارکنوں پر حملہ اور گرفتار کیا جا رہا ہے۔ امت شاہ نے تشدد کے واقعات کو روکنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

صبح سویرے ترنمول کے 16 ارکان پارلیمنٹ نے یہاں وزارت داخلہ کے باہر تریپورہ تشدد اور پولیس کی مبینہ بربریت اور محترمہ گھوش پر گرفتاری کے خلاف دھرنا دیا۔

ترنمول کے ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مسٹر شاہ کے خلاف نعرے بھی لگائے اور مسٹر شاہ سے ملاقات کا وقت مانگا۔ ترنمول لیڈر  رائے نے  بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وزیر داخلہ ہماری بات سنیں۔وزیرداخلہ امت شاہ اوروزیراعظم نریندرمودی دونوں کو تریپورہ میں تشدد کا جواب دینا چاہئے۔

رائے نے تریپورہ میں ترنمول کی نوجوان لیڈر  گھوش کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت والے تریپورہ میں افراتفری کی صورتحال ہے۔

ریاست میں بلدیاتی انتخابات کے دوران بی جے پی حکومت سیاسی دشمنی کی وجہ سے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں اور کارکنوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ تریپورہ پولیس نے اتوار کو محترمہ گھوش کو قتل کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

  گھوش پر ہفتہ کی رات ریاست کے وزیر اعلی مسٹر دیو کی میٹنگ میں مبینہ طور پر خلل ڈالنے کا الزام ہے۔ محترمہ گھوش کی گرفتاری کے بعد سے بی جے پی اور ترنمول کے درمیان کشمکش جاری ہے۔

ترنمول کا الزام ہے کہ بی جے پی کارپوریشن انتخابات کے دوران تریپورہ میں ان کے بڑے لیڈروں کی ریلی کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔