اے ایم یو:علیگس کیئر نےکی کینسر متاثرین کی مالی مدد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-01-2022
اے ایم یو:علیگس کیئر نےکی کینسر متاثرین کی مالی مدد
اے ایم یو:علیگس کیئر نےکی کینسر متاثرین کی مالی مدد

 


آواز دی وائس،علی گڑھ

سنہ 2018ء میں منہ کے کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد 38 سالہ سراج نے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں علاج کرایا۔ مہلک بیماری کے خلاف جنگ جیتنے کے بعد سراج شدید مالی دشواری میں پڑگئے۔

ایسے وقت میں ہیوسٹن، امریکہ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبائے قدیم کے ذریعہ چلائی جانے والی فلاحی تنظیم علیگس کیئر نے سراج کی مدد کی۔

یہ تنظیم کینسر کے مریضوں کو مدد فراہم کرتی ہے۔ تنظیم نے سراج کے لئے ایک جنرل اسٹور قائم کرنے میں مدد کی، جس سے وہ چھ افراد پر مشتمل کنبہ کی کفالت کرتا ہے۔

سراج کی کہانی ایسی بیشمار کہانیوں میں سے ایک ہے جنہیں علیگس کیئرنے مالی بحران سے نکالا ہے۔ اسی طرح رئیسہ نامی خاتون کو اپنے کینسر میں مبتلا شوہر سے محروم ہونے کے بعد کنبہ کی کفالت کے لئے ایک جنرل اسٹور فراہم کیا گیا ہے۔

علیگس کیئرنے کینسر کے مریض شبیر کی بیٹی کی شادی کے لئے زیورات بھی فراہم کیے ہیں اور اس کے ساتھ اس کے کنبہ کی روزی روٹی کے لئے جنرل اسٹور شروع کرنے میں بھی مدد کی ہے۔

جے این ایم سی میں حال ہی میں منعقدہ ایک تقریب میں علیگس کیئرکے عہدیداروں اور رضاکاروں نے کینسر کے چالیس سے زائد مریضوں کو موسم سرما میں کمبل، اونی شال، ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور حفظان صحت کی کٹس فراہم کیں۔

کینسر سے فوت ہونے والے مریضوں کے لواحقین کو چھوٹے کاروبار کے قیام اور بچوں کی تعلیمی مدد کے لئے مالی امداد دی گئی۔

پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر محمد اکرم (چیئرمین، شعبہ ریڈیو تھیریپی) نے کہا: ”یہ خوشی کی بات ہے کہ کینسر سے متاثرہ بہت سے کنبوں کو ایسے وقت میں علیگس کیئرکی جانب سے بھرپور مدد مل رہی ہے جب کینسر کے علاج کا خرچ بہت بڑھ گیا ہے جس سے ہزاروں کنبے متاثر ہورہے ہیں“۔

اے ایم یو کی سابق طالبہ ڈاکٹر ثمینہ سلیم (صدر، علیگس کیئر، اور فیکلٹی ممبر، یونیورسٹی آف ہیوسٹن، ٹیکساس، امریکہ) نے کہا ”ہم علیگس کیئر کے لوگ جے این ایم سی کا ایک معاون بننا چاہتے ہیں کیونکہ اومیکرون کے کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ اس سے ہم ہندوستان میں اے ایم یو کی بنیادی اقدار کو فروغ دے سکیں گے“۔

علیگس کیئر کے عہدیداروں اور رضاکاروں نے ماسک اور حفظان صحت کی کٹس تقسیم کرنے کے علاوہ کینسر کے مریضوں اور دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کو کووڈ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر کی تربیت دی۔ اپریل 2021 میں، امریکہ میں مقیم اے ایم یو کے طلبائے قدیم سے عطیات جمع کرکے علیگس کیئر نے جے این ایم سی میں نصب وینٹیلیٹر کی خریداری کے لئے فنڈ فراہم کئے تھے۔