اے ایم یو: آئندہ ماہ مرحلہ وار کھلیں گے ڈیپارٹمنٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 18-02-2022
اے ایم یو: آئندہ ماہ مرحلہ وار کھلیں گے ڈیپارٹمنٹ
اے ایم یو: آئندہ ماہ مرحلہ وار کھلیں گے ڈیپارٹمنٹ

 

 

آواز دی وائس، علی گڑھ۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مختلف شعبوں، مراکز اوراسکولوں کو وائس چانسلر کی توثیق کے بعد مرحلہ وار طریقے سے آف لائن تدریس و تعلیم کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

یہ حکم ملک کے بیشتر حصوں میں کووِڈ 19 کا اثر ملک گیر سطح پر کم ہونے کے بعد آیا ہے۔ ہاسٹلوں میں انھیں طلبہ کو قیام کرنے کی اجازت ہوگی جو کووِڈ ٹیکہ کاری کا سرٹیفیکٹ پیش کریں گے۔ اے ایم یو رجسٹرار مسٹر عبدالحمید (آئی پی ایس) نے کہا: ”مقررہ تاریخوں سے مرحلہ وار طریقہ سے یونیورسٹی کو کھولنے کا فیصلہ ملک کے مختلف حصوں کے طلبہ کی سہولت کے لئے کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے سفر کے ضروری انتظامات کر سکیں“۔

رجسٹرار دفتر سے جاری نوٹس کے مطابق مختلف شعبوں کے ریسرچ اسکالروں کو آئندہ 7 /مارچ سے شعبہ میں آکر اپنا تحقیقی کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ تمام پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے چوتھے سمسٹر کی تدریس 15/ مارچ سے آف لائن طریقہ سے شروع ہوگی، جب کہ انڈرگریجویٹ کورسوں کے سالِ آخر کے طلبہ آن لائن کلاسوں میں شرکت جاری رکھیں گے، لیکن انہیں لیبارٹری، فیلڈ اور دیگر عملی کاموں کے لئے اور اساتذہ کے ساتھ تبادلہ خیال کے لئے 15/مارچ سے متعلقہ شعبہ جات میں جانے کی اجازت ہوگی۔

نوٹس کے مطابق اے ایم یو کے اسکولوں میں دسویں جماعت کے طلبہ کی آف لائن کلاسیز 3/ مارچ سے اور بارہویں جماعت کی آف لائن کلاسیز 7/مارچ سے شروع ہوں گی۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مولانا آزاد لائبریری کے ریڈنگ رومس یکم مارچ سے صرف ریسرچ اسکالروں کے لئے کھلیں گے، جہاں وہ آکر مطالعہ اور تحقیق کرسکیں گے۔

طلبہ کے لئے دیگر سہولیات شناختی کارڈ جاری ہونے کے بعد دستیاب ہوں گی۔ لائبریری کے اوقات صبح 8/ بجے سے رات 10/ بجے تک رہیں گے، جب کہ کالج اور شعبہ جات کی سیمینار لائبریریاں مقررہ وقت کے مطابق 7/ مارچ سے کھلیں گی۔