اے ایم یو: شعبہ طبیعیات کی جانب سےآزادی کا امرت مہوتسو کا انعقاد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 28-12-2021
اے ایم یو: شعبہ طبیعیات کی جانب سےآزادی کا امرت مہوتسو کا انعقاد
اے ایم یو: شعبہ طبیعیات کی جانب سےآزادی کا امرت مہوتسو کا انعقاد

 


آواز دی وائس، علی گڑھ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ طبیعیات کی جانب سے آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت”آزادی کی جدوجہد میں سائنسدانوں کی خدمات“ موضوع پر ایک آن لائن پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اجیت کے سنہا (سابق ڈائریکٹر، انٹر یونیورسٹی کنسورٹیم فار ڈی اے ای فیسلٹیز، اندور) نے ری ایکٹر ٹکنالوجی اور سیمی کنڈکٹر ٹکنالوجی سمیت دیگر سائنسی ترقیات اور سماج کے لئے مفید پیش رفت کا ذکر کیا۔

مہمان مقرر پروفیسر بی آر بہیرا (شعبہ طبیعیات، پنجاب یونیورسٹی، چندی گڑھ) نے اپنے خطاب میں ہندوستانی سائنس کی ارتقائی تاریخ، سودیشی تحریک میں علی گڑھ کے کردار وغیرہ پر گفتگو کی۔ جنگ آزادی میں مختلف محاذوں پر خدمات انجام دینے والی شخصیات کا بھی انھوں نے ذکر کیا۔

پروفیسر محمد سجاد اطہر نے ایس ایس بھٹناگر، میگھنا سہا، پی سی رائے، جے سی بوس جیسے نامور سائنسدانوں کی مدد سے ہندوستانی سائنس کی ترقی میں ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے کردار پر روشنی ڈالی۔

پروفیسر محمد اشرف (ڈین، فیکلٹی آف سائنس، اے ایم یو) نے اپنے صدارتی کلمات میں مختلف ہندوستانی سائنسدانوں کی خدمات بیان کیں۔

انھوں نے کہاکہ ملک کی آزادی اور اس کے استحکام میں ہندوستانی سائنسدانوں کی گرانقدر خدمات کو ہمیں تحسین کی نظروں سے دیکھنا چاہئے اور ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے۔

پروفیسر بی پی سنگھ،صدر شعبہ طبیعیات، اے ایم یو نے مذاکرہ کے موضوع کا تعارف کرایا اور شعبہ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

پروگرام کنوینر ڈاکٹر جے پرکاش نے پروگرام کی نظامت کی اور شکریہ کے کلمات ادا کئے۔