اے ایم یو: زمین کی لیز کی انکوائری شروع

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 09-10-2021
اے ایم یو
اے ایم یو

 

 

آواز دی وائس / لکھنؤ

 اترپردیش حکومت نے راجہ مہندر پرتاپ سنگھ کی طرف سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو 1929 میں لیز پر دی گئی زمین کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ علی گڑھ ڈویژن کے کمشنر کو اس کی انکوائری کرنے کو کہا گیا ہے۔ علی گڑھ کے ضلع مجسٹریٹ سے بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

علی گڑھ ڈویژن کے کمشنر گورو دیال نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک خط ایڈیشنل چیف سکریٹری ایس پی گوئل سے موصول ہوا ہے۔تفتیش کا معاملہ راجہ مہندر پرتاپ سنگھ کی طرف سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو 90 سال کے لیے لیز پر دی گئی زمین سے متعلق ہے۔لیز کی مدت ختم ہوچکی ہے ، اس لیے علی گڑھ کے ضلع مجسٹریٹ سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ مرحوم راجہ مہندر پرتاپ سنگھ ایک مشہور مجاہد آزادی، سماجی مصلح اور ماہر تعلیم تھے۔انہوں نے 1929 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو اپنی زمین 90 سال کے لیے لیز پر دی۔ لیز کی مدت ختم ہوچکی ہے ، لیکن وزیراعلیٰ آفس میں درج شکایت کے مطابق مذکورہ اراضی قانونی ورثاء کو واپس نہیں کی گئی۔

علی گڑھ کی ایک سماجی تنظیم 'اہوتی' کے اشوک چودھری نے شکایت درج کرائی ہے۔ وزیراعلیٰ آفس نے علی گڑھ ڈویژن کے کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرےاور سٹی سکول علی گڑھ مسلم یونیورسٹی چلاتی ہے۔

راجہ مہندر پرتاپ سنگھ کے قانونی وارثوں نے اے ایم یو کو تجویز دی تھی کہ وہ زمین جس پر تکونا پارک کھڑا ہے حوالے کر دیا جائے۔

اے ایم یو کے زیر انتظام سٹی اسکول کا نام راجہ مہندر پرتاپ سنگھ کے نام پر رکھا جانا چاہیے۔ اے ایم یو ایگزیکٹو کونسل کی طرف سے وائس چانسلر کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ اس سلسلے میں تجویز پرغور کیا جائے۔

اے ایم یو کے ترجمان پروفیسر شفیع کدوائی سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تسلیم کیا کہ راجہ مہندر پرتاپ کے قانونی وارثوں کی تجویز پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی غور کر رہی ہے۔ تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ایگزیکٹو کونسل اس زمین کو واپس دینے کے لیے تیار ہے جس پر تکونا پارک واقع ہے۔

ایگزیکٹو کمیٹی نے مزید کہا کہ یہ قابل قبول ہے کہ بقیہ زمین پراے ایم یو کے زیر انتظام سٹی اسکول کا نام اے ایم یو کے سابق طالب علم راجہ مہندر پرتاپ سنگھ کے نام پر رکھا جائے گا۔ اس زمین کی لیز میں توسیع کی جائے گی۔

پچھلے مہینے وزیر اعظم نریندر مودی نے علی گڑھ کے قریب راجہ مہندر پرتاپ سنگھ کے نام سے منسوب ایک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

علی گڑھ ڈویژن کے 396 ڈگری کالج اس آنے والی یونیورسٹی سے وابستہ ہونے والے ہیں۔