اعظم خان اور اکھلیش یادو نے لوک سبھا کی رکنیت سے دیا استعفی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-03-2022
  اعظم خان اور اکھلیش یادو نے لوک سبھا کی رکنیت سے دیا استعفی
اعظم خان اور اکھلیش یادو نے لوک سبھا کی رکنیت سے دیا استعفی

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

 اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ منگل کو انہوں نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی اور انہیں اپنا استعفیٰ پیش کیا۔

اکھلیش یادو کے ساتھ ساتھ ایس پی کے سینئرلیڈراورسابق وزیر اعظم خان نے بھی لوک سبھا کی رکنیت چھوڑ دی ہے۔ دونوں لیڈروں نے حال ہی میں ختم ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

اکھلیش یادو مین پوری کی کرہل سیٹ سے جیت گئے، جب کہ اعظم خان رام پور سے ایم ایل اے بنے۔ جب سے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوا ہے، تب سے یہ بحث ہورہی تھی کہ اکھلیش یادو ودھان سبھا کی سیٹ چھوڑیں گے یا لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دیں گے۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ کرہل سیٹ سے استعفیٰ دے سکتے ہیں، لیکن منگل کو انہوں نے تمام قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کر دیا۔ اکھلیش نے لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

وہ یوپی کی اعظم گڑھ لوک سبھا سیٹ سے ایم پی ہیں۔ اکھلیش کے علاوہ رام پور کے ایم پی اعظم خان نے بھی لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

انہوں نے رام پور کی اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑا تھا اور جیتا تھا۔ جیل سے الیکشن لڑنے والے اعظم خان نے بی جے پی امیدوار آکاش سکسینہ کو 55 ہزار ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

گزشتہ اسمبلی انتخابات میں اکھلیش یادو نے کرہل سیٹ سے اسمبلی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے یہ سیٹ آسانی سے جیت لی تھی۔ یہاں سے اکھلیش یادو نے بی جے پی کے امیدوار اور مرکزی وزیر ایس پی سنگھ بگھیل کو 66 ہزار ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

ایس پی سرپرست ملائم سنگھ یادو بھی اپنی مہم میں میدان میں اترے تھے۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج میں بی جے پی کو قطعی اکثریت ملی اور ایس پی 100 سیٹوں کا ہندسہ عبور کرکے دوسری سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔