اجمیر درگاہ کمیٹی کا50 بستروں پر مشتمل کووڈ کیئر سنٹر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ایک بڑا سہارا
ایک بڑا سہارا

 

 

 نئی دہلی: اجمیر میں واقع عالمی شہرت یافتہ صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ کا انتظام و انصرام کی نگرانی کرنے والی درگاہ کمیٹی کی جانب سے کووڈ 19 وبا سے لوگوں کو بچانے کے لئے 50 بستروں پر مشتمل کووڈ کیئر سنٹر کو آج اجمیر ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا گیا ہے۔ اس تعمیر شدہ مرکز میں درگاہ کمیٹی کے ذریعہ آکسیجن بستر کے ساتھ تمام جدید سہولیات مہیا کی گئیں ہیں۔ اس مرکز کا باقاعدہ افتتاح مرکزی وزیر برائے اقلیتی بہبود مختار عباس نقوی نے کیا ہے۔ اس موقع پر ، راجستھان حکومت کے وزیر صحت رگھو شرما اور درگاہ کمیٹی کے چیئرمین امین پٹھان ، کمیٹی کے تمام ممبران اور ناظم اشفاق احمد بھی ورچوئل ذرائع سے موجود تھے۔

درگاہ کمیٹی کی جانب سے بنائے گئے اس کووڈ کیئر سنٹر میں کمیٹی کی جانب سے اجمیر کے باشندوں کی خدمات کے لئے تمام سہولیات دستیاب کرائی گئی ہیں۔ یہاں پر 50بستروں کے علاوہ آکسیجن بیڈ ،ادویات وغیرہ کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ سینٹر پر مریضوں کی سہولت کو دھیان میں رکھتے ہوئے خواتین اور مردوں کے لئے الگ ٹوائلٹ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے افتتاحی موقع پر اس حوالے سے معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں لوگوں کو وبا سے بچانے کے لئے حکومت کی طرف سے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

درگاہ کمیٹی کی جانب سے کووڈ کیئر سنٹر کھول کر اجمیر کے باشندوں کو وبائی امراض سے بچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ نقوی نے اس کے لئے درگاہ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس مشکل صورتحال میں کمیٹی نے اپنا حصہ ڈال کر انسانیت کی خدمت کے لئے اہم کام کیا ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین امین پٹھان کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی جانب سے 50 بستروں پر مشتمل یہ کووڈ کیئر سنٹر ضلعی انتظامیہ کے حو الے کرنے پر ہمیں خوشی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ درگاہ کمیٹی کی جانب سے کووڈ۔19 سے نمٹنے کے لئے پہلے ہی بہت سارے کام جاری ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت ہوئی تو اس کووڈ کیئر سنٹر میں بستروں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔