میلاد النبی:' نبی رحمت ؐ ' ٹیوٹر مہم کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-10-2021
  آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا ”نبی رحمت ؐ ٹیوٹر مہم“ کا اعلان
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا ”نبی رحمت ؐ ٹیوٹر مہم“ کا اعلان

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

آج کے دور میں سوشل میڈیا بہت بڑی طاقت اور ذریعہ بن گیا ہے ،اپنی بات کو دنیا تک پہچانے کا ایک آسان راستہ۔ ۔اس کا دارومدار آپ پر ہے کہ اس کا استعمال کیسا ہوتا ہے۔ منفی یا مثبت۔ آپ اس کے استعمال سے کوئی غلط فہمی دور بھی کرسکتے ہیں اور پیدا بھی کرسکتے ہیں ۔اپنی بات اور آواز دنیا میں پھیلانے کا سب سے مقبول پپلٹ فارم  ہے۔ جس کو اب پیغمبر اسلام کے یوم ولادت یعنی میلاد النبی کے موقع پر ان کی تعلیمات سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔  

اسی کے پیش نظر رسول اللہﷺ کی تعلیمات اور سیرت طیبہ کو عام کرنے کے غرض سے سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے ”نبی رحمت ؐ“ کے نام سے ٹیوٹر پر ٹرینڈ رکھا جا رہا ہے۔ ٹرینڈ کیلئے 11؍ ربیع الاول مطابق 18؍ اکتوبر بروز پیر شام سات بجے کا وقت طے کیا گیا ہے۔

در اصل  ماہ ربیع الاول اسلامی مہینوں میں اس اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں حضرت محمد رسول اللہﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی، جو ساری کائنات کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے اور جن کے تشریف لانے سے سسکتی بلکتی انسانیت کو نئی زندگی ملی۔

اس کا اعلان آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ  نے کیا ہے۔  بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے کہا ہے کہ کہ نبیٔ رحمت ؐ کی بعثت سے قبل پوری دنیا ظلمت کدہ بن چکی تھی، ہر طرف قتل وغارت گری، لوٹ مار، ظلم و ستم کا دور دورہ تھا، لڑکیوں کی پیدائش کو معیوب سمجھا جاتا تھا اور انہیں پیدا ہوتے ہی زندہ دفن کر دیا جاتا تھا، انسان انسانیت کی سطح سے نیچے گرچکا تھا۔

ان حالات میں اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد رسول اللہﷺ کو سارے عالم کیلئے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا۔ آپ ؐ کی تشریف آوری یقیناً پوری انسانیت کے لئے باعث رحمت تھی۔ آپ کی آمد سے ایک طرف جہاں معبودان باطل منہ کے بل گر پڑے اور توحید و رسالت کا پرچم بلند ہوا تو وہیں دوسری طرف ظلم وستم کے بادل چھٹ گئے اور عدل وانصاف کا نظام قائم ہوا۔ آپ ؐ نے انسانوں کو انسانیت کا درس دیا، اپنی تعلیمات سے لوگوں کو جینے کی راہ دکھائی، دنیا کو امن و امان اور اطمینان و سکون کا پیغام دیا۔

مولانا نے فرمایا کہ آپ ؐ نے زندگی کے ہر گوشے میں رہبری فرمائی اور سب کو برابری کا درجہ دیا۔ آپ نے بتایا کہ سارے انسان آپس میں برابر ہیں، کسی گورے کو کالے پر، مالدار کو غریب پر، عربی کو عجمی پر، آقا کو غلام پر اور بادشاہ کو عامی پر ہرگز فوقیت حاصل نہیں، نگاہ خداوندی میں وہی شخص محترم ومکرم ہے جو اس سے ڈرتا ہے اور اس کی مرضی کے مطابق زندگی گزارتا ہے۔

مولانا رحمانی نے فرمایا کہ آپ ؐ کو اللہ تعالیٰ نے نسلِ انسانی کے لیے بہترین نمونہ بنایا ہے۔ آپ ؐ کا طور طریقہ فطرت اور عقل کے عین مطابق ہے۔ محسن انسانیتؐ کے معمولات زندگی تاقیامت شعار و معیار ہیں۔ پوری انسانیت کیلئے صبح قیامت تک نبی کریمؐ کی سنت و شریعت ہی مشعلِ راہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیرت النبیؐ کا ہر گوشہ تابناک اور ہر پہلو روشن ہے۔ آپ کی مبارک زندگی کا ایک ایک حصہ یومِ ولادت سے لے کر روزِ رحلت تک احادیث شریفہ اور روایات کے ذریعے محفوظ کردیا گیا ہے تاکہ اس سے رہنمائی حاصل کی جاسکے۔

وقت سے پہلے ان شاء اللہ بورڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ہیش ٹیگ کا اعلان کیا جائے گا اور بورڈ کے آفیشل ٹیوٹر ہینڈل سے ٹیوٹ کیا جائے گا۔

مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی  نے تمام برادران اسلام بالخصوص ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران، سوشل ایکٹیوسٹ اور نوجوانان ملت سے اپیل کی کہ وہ اس ”نبی رحمت ؐ ٹیوٹر ٹرینڈ“ میں بھرپور حصہ لیکر محبت رسولﷺ کا ثبوت دیں۔اس آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے آفیشیل ٹیوٹر لنک( https://twitter.com/AIMPLB_Official) کو فولیا کیا جاسکتا ہے۔