احمد آباد :جگن ناتھ یاترا سے قبل ہندو۔ مسلم کرکٹ میچ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
احمد آباد :جگن ناتھ  یاترا سے قبل  ہندو۔ مسلم کرکٹ میچ
احمد آباد :جگن ناتھ یاترا سے قبل ہندو۔ مسلم کرکٹ میچ

 

 

احمدآباد: احمد آباد پولیس نے بھگوان جگن ناتھ کی رتھ یاترا سے قبل کرکٹ کے ذریعے سماجی ہم آہنگی قائم کرنے کی تیاریاں کی ہیں۔

یکم جولائی کو رتھ یاترا سے قبل ہندو اور مسلم برادریوں کے کھلاڑی ٹیمیں بنائیں گے اور حساس مقامات پر کرکٹ میچ کھیلیں گے تاکہ دونوں برادریوں کے درمیان سماجی ہم آہنگی قائم ہو۔

احمد آباد پولیس کے مطابق، رتھ یاترا کے راستے میں آنے والے حساس علاقوں کے لوگوں پر مشتمل ٹیمیں تیار کی جائیں گی۔

بھگوان جگناتھ کی 145ویں رتھ یاترا یکم جولائی کو پرانے شہر سے روانہ ہوگی۔

جوائنٹ کمشنر آف پولیس آر وی اساری نے کہا کہ وہ پرانے شہر کے ہندو اور مسلم کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دے رہے ہیں جو آپس میں ٹینس بالز سے کرکٹ میچ کھیلیں گی۔

اس کے ذریعے لوگوں میں سماجی ہم آہنگی، تعاون کا جذبہ، ٹیم اسپرٹ اور امن قائم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس آر وی اساری نے کہا، "کھیلوں کو لوگوں کو جوڑنے کے لیے بنایا گیا ہے۔"

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کھیل کے میدان تیار ہو رہے ہیں اور میچز 18 جون سے شروع ہو سکتے ہیں۔ اس سے پہلے یہاں رتھ یاترا کے دوران کئی بار فرقہ وارانہ فسادات بھڑک اٹھے تھے۔

پولیس اس سال کوئی رسک نہیں لینا چاہتی، کیونکہ حال ہی میں پیغمبر اسلام کے خلاف مبینہ ریمارکس پر ملک میں ماحول کشیدہ ہے۔ اسی سال رام نومی کے موقع پر گجرات کے کچھ شہروں اور ملک کی دیگر ریاستوں میں فسادات پھوٹ پڑے تھے۔

اس کے ساتھ ہی احمد آباد پولیس رتھ یاترا کے راستے میں آنے والے علاقوں میں خون کے عطیہ کیمپوں کا بھی انعقاد کر رہی ہے اور دونوں برادریوں کے لوگوں کو خون کا عطیہ دینے کی ترغیب دے رہی ہے۔

نو کلومیٹر طویل رتھ یاترا گائکواڑ حویلی، کھاڈیا، کالو پور، شہر کوٹڈا، کرنج، شاہ پور، مادھوپورہ اور دریا پور جیسے علاقوں سے گزرے گی۔ گزشتہ دو سالوں سے کورونا کی وجہ سے بڑے پیمانے پر رتھ یاترا کا انعقاد نہیں ہوسکا تھا اور اس بار ایک عظیم الشان رتھ یاترا نکالی جائے گی۔