بہار حج کمیٹی کے چیئرمین بنےعبدالحق

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 25-05-2022
بہار حج کمیٹی کے چیئرمین بنےعبدالحق
بہار حج کمیٹی کے چیئرمین بنےعبدالحق

 

 

سراج انور/پٹنہ بہار حج کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین بنے ہیں عبد الحق جو جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی کے طالب علم رہ چکے ہیں۔ حج کمیٹی کے چیئرمین عبدالحق اب تک کے سب سے کم عمر چیرمین ہیں۔ بہار کے مسلمانوں کو ان سے امید ہے کہ وہ بہار کے حاجیوں کے لئے بہتر سہولیات فراہم کریں گے۔

عبدالحق پٹنہ دانا پور کے رہنے والے ہیں۔ پیشے کے اعتبار سے گوشت کے تاجر ہیں۔ وہ 28 سال کی عمر میں بہار حج کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے۔ 29 سال کی عمر میں وہ مرکزی حج کمیٹی کے رکن بنے۔ اس دوران انہوں نے دونوں جگہوں پر ممبر ہوتے ہوئے بہار اور سنٹرل حج کمیٹیوں کے درمیان تال میل کا کام کیا۔

اس وقت اب کی عمر 38 سال ہے۔ وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار نے بھی خواہش ظاہر کی تھی کہ نوجوان حج کمیٹی کا کام دیکھیں۔ عبدالحق خود بھی چار مرتبہ حج کر چکے ہیں۔ انہیں نہ صرف حج سے لے کر واپسی تک تمام معاملات کی اچھی معلومات ہے بلکہ طویل عرصے تک حج کمیٹیوں میں رہنے کی وجہ سے انہیں بہتر تجربہ بھی ہے۔

ان کے ماموں اور سسر حافظ الیاس عرف سونو بابو دو بار بہار حج کمیٹی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ کہا جا سکتا ہے کہ سونو بابو کا خاندان برسوں سے حج سے متعلق امور کو انجام دے رہا ہے۔

حج بھون میں منعقدہ چیئرمین کے انتخاب میں ایک ممبر کے سوا تمام ممبران نے حصہ لیا۔ امارت شرعیہ کے نمائندہ مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی نے کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

وہ میٹنگ میں موجود نہیں تھے۔ دیگر اراکین میں چوہدری محبوب علی قیصر، پروفیسر غلام غوث، خالد انور، معراج احمد سدو، تبسم پروین، بی بی کلثوم آرا، امجد رضا، افضل عباس، عبدالحق، مولانا طارق عنایت، مولانا منہاج الدین، ماسٹر مظاہر شاہ، عامروغیرہ شامل ہیں۔ شاہد، محمد ارشاد اللہ سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود، ڈاکٹر سفینہ اے این اور حج کمیٹی کے سی ای او راشد حسین موجود تھے۔