نئی دہلی
عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکنِ پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے اُس مقامی دکاندار کو اعزاز سے نوازا جس کی بروقت کارروائی نے مالویہ نگر آتشزدگی کے دوران کئی لوگوں کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔سنجے سنگھ نے پیر کے روز علاقے کا دورہ کیا اور اُن افراد سے ملاقات کی جو گزشتہ ہفتے پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے کے دوران سب سے پہلے امداد کے لیے پہنچے تھے۔ اس حادثے میں 22 افراد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے تھے۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب لوگ مدد کے لیے پکار رہے تھے اور اپنی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے تھے، اس علاقے کے چند بہادر باشندوں نے دوسروں کی جان بچانے کے لیے غیر معمولی جرات، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ میں ان کے حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی رہائشی اور گدّوں کی دکان کے مالک ریاض الدین نے اپنی روزی روٹی اور ذاتی نقصان کی تمام فکر کو ایک طرف رکھتے ہوئے لوگوں کی جان بچانے کے لیے اپنی دکان کے تمام گدّے فراہم کر دیے۔یہ گدّے عمارت کے نیچے بچھائے گئے، جس کے باعث تقریباً 15 سے 16 افراد اوپر سے چھلانگ لگا کر محفوظ طریقے سے اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ یکجہتی اور تعاون کی علامت کے طور پر میں اپنی تنخواہ سے انہیں 50 ہزار روپے کی مالی امداد دے رہا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً 15 سے 16 افراد انہی گدّوں پر چھلانگ لگا کر اپنی جان بچا سکے۔ ان کے مطابق لوگوں کی جانب سے دکھائی گئی انسانیت، ہمدردی اور ایثار ہی دراصل سب سے بڑا مذہب ہے۔