عامر کا انکشاف:60 برس کی عمر میں محبت!کیوں اور کیسے؟

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-12-2025
عامر کا انکشاف:60 برس کی عمر میں محبت!کیوں اور کیسے؟
عامر کا انکشاف:60 برس کی عمر میں محبت!کیوں اور کیسے؟

 



ممبئی: بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار اور ’’مسٹر پرفیکشنسٹ‘‘ عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 60 سال کی عمر میں ایک بار پھر محبت میں مبتلا ہوچکے ہیں، اور یہ تجربہ اُن کے لیے غیرمتوقع مگر نہایت خوشگوار رہا۔ ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے اپنی نجی زندگی، سابقہ بیویوں سے تعلقات اور اپنے نئے رشتے کے بارے میں کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ گوری سپراٹ کو 25 سال سے جانتے ہیں اور گزشتہ دو برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ رشتے میں ہیں۔ عامر خان نے کہا کہ مجھے کبھی امید نہیں تھی کہ اس عمر میں دوبارہ محبت ملے گی۔ گوری میری زندگی میں سکون، استحکام اور خوش قسمتی کا باعث بنی ہیں۔

اداکار نے یہ بھی اعتراف کیا کہ رینا دتہ، کرن راؤ اور اب گوری تینوں نے اُن کی شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا:میں ان تینوں سے بہت کچھ سیکھا ہے، اور خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے زندگی میں ایسے لوگ ملے۔

عامر خان نے واضح کیا کہ وہ اپنی دونوں سابقہ اہلیہ رینا دتہ اور کرن راؤ کے ساتھ آج بھی احترام، محبت اور مضبوط خاندانی رشتے سے جڑے ہیں۔ انہوں نے کہا: بطور میاں بیوی ہم الگ ہوئے، لیکن خاندان کے طور پر کبھی جدا نہیں ہوئے۔ ہم آج بھی ایک خاندان کی طرح ہیں، اور یہ ہماری انسانی خوبیوں کا ثبوت ہے۔

یاد رہے کہ عامر خان نے 1986 میں رینا دتہ سے شادی کی تھی جن سے ان کے دو بچے جنید اور ایرا ہیں۔ 2002 میں علیحدگی کے بعد، 2005 میں انہوں نے کرن راؤ سے دوسری شادی کی، اور 2011 میں اُن کے بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی۔ اداکار اس وقت اپنی نئی فلم ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 16 جنوری 2026 کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ اس فلم میں وہ ایک اہم کیمیو کردار نبھا رہے ہیں۔