پاکستانی جنگی جہاز کو گجرات میں ہندوستانی فضائیہ نے کھدیڑا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2022
پاکستانی جنگی جہاز  کو گجرات میں ہندوستانی فضائیہ نے کھدیڑا
پاکستانی جنگی جہاز کو گجرات میں ہندوستانی فضائیہ نے کھدیڑا

 

 

نیو دہلی: پاکستان کا ایک جنگی جہاز خاموشی سے ہندوستانی سرحد میں داخل ہو گیا تھا۔ درحقیقت پاکستانی بحریہ کا ایک جنگی جہاز گجرات کے ساحل سے میری ٹائم باؤنڈری لائن عبور کر کے بھارتی حدود میں داخل ہو گیا۔ لیکن یہاں انڈین کوسٹ گارڈ کے ڈورنیئر میری ٹائم سرویلنس ایئر کرافٹ نے اس کا سراغ لگایا اور اسے پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو سرکاری ذرائع سے ملی معلومات کے مطابق یہ کارروائی جولائی کے شروع میں ہوئی تھی۔ اس دوران پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے دونوں ممالک کے درمیان بحری حدود کو عبور کر کے ہندوستان کی حدود میں داخل کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی کوسٹ گارڈ ڈورنیئر طیارے نے ہندوستانی پانیوں میں داخل ہونے کے فوراً بعد ہی اس کا پتہ لگایا۔ یہ ہندوستانی طیارہ سمندری نگرانی کے لیے روانہ ہوا تھا۔

ہندوستانی علاقے میں داخلے پر وارننگ: پاکستانی جنگی جہاز کا پتہ لگانے کے بعد، ڈورنیئر نے اپنے کمانڈ سینٹر کو ہندوستانی پانیوں میں اپنی موجودگی سے آگاہ کیا اور اس کی نگرانی جاری رکھی۔ ڈورنیئر طیارے نے پاکستانی جنگی جہاز عالمگیر کو ہندوستانی حدود میں داخل ہونے کے حوالے سے وارننگ جاری کی اور اسے اپنی حدود میں واپس آنے کو کہا تاہم کوئی جواب نہیں آیا۔

پاکستانی کپتان نے خاموشی برقرار رکھی: جس کے بعد ڈورنیئر پی این ایس عالمگیر کے گرد منڈلاتا رہا اور اس کا ارادہ جاننے کے لیے ریڈیو کمیونیکیشن سیٹ پر بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن پاکستانی کپتان نے مکمل خاموشی اختیار کی اور کوئی جواب نہیں دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈورنیئر طیارے نے پاکستانی جنگی جہاز کے سامنے دو یا تین بار پرواز کی۔ تاکہ واضح ہو کہ پاکستانی جنگی جہاز کو بھارتی طیاروں کی موجودگی کا علم ہوا ہے۔ واضح رہے کہ گجرات کے قریب میری ٹائم باؤنڈری لائن پر بھارتی ایجنسیاں اپنے ماہی گیروں کو اپنی جانب سے پانچ ناٹیکل میل کے اندر کوئی سرگرمی کرنے کی اجازت نہیں دیتیں۔