انڈونیشیا: جکارتہ میں لگی خوفناک آگ، 20 سے زائد افراد ہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-12-2025
انڈونیشیا: جکارتہ میں لگی خوفناک آگ،  20 سے زائد افراد ہلاک
انڈونیشیا: جکارتہ میں لگی خوفناک آگ، 20 سے زائد افراد ہلاک

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں آگ لگنے کا ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ آگ ایک دفتری عمارت میں بھڑک اٹھی، جس کی زد میں آکر 20 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے اس واقعے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ آگ کی لپیٹ میں سات منزلہ عمارت آ گئی، جس سے گھنا کالا دھواں آسمان تک پھیل گیا۔ آگ بھڑکنے کے بعد وسطی جکارتہ اور اس کے آس پاس کے رہائشیوں میں شدید گھبراہٹ پھیل گئی۔
آگ پر قابو پا لیا گیا
سینٹرل جکارتہ کے پولیس چیف سوساتیو پرانومو کونڈرو نے بتایا کہ اب تک 20 لاشیں نکالی گئی ہیں، جن میں 5 مرد اور 15 خواتین شامل ہیں۔" انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس عمارت میں ٹیرا ڈرون انڈونیشیا کا دفتر تھا، جو کان کنی سے لے کر زراعت تک مختلف شعبوں کو ڈرون سروسز فراہم کرتی ہے۔ فی الحال آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ان کی توجہ ابھی بھی لوگوں کو محفوظ نکالنے اور عمارت کی سیکیورٹی پر ہے۔
پہلی منزل سے آگ شروع ہوئی
آگ عمارت کی پہلی منزل پر لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے اوپری منزلوں تک پھیل گئی۔ جب آگ بھڑکی تو کچھ ملازمین لنچ کر رہے تھے، جبکہ کچھ لوگ عمارت کے باہر تھے۔ آگ لگنے کی اصل وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ فوٹیج میں فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو لوگوں کو عمارت سے باہر نکالتے دیکھا گیا۔ کچھ امدادی کارکن پورٹیبل سیڑھیوں کی مدد سے اوپری منزلوں پر پھنسے افراد کو بچانے میں مصروف تھے۔
ہانگ کانگ میں بھی لگی تھی بھیانک آگ
انڈونیشیا میں یہ دل دہلا دینے والا سانحہ گزشتہ ماہ ہانگ کانگ کے تائی پو ضلع میں لگی خوفناک آگ کے بعد پیش آیا ہے، جس میں تقریباً 160 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اسی سال اگست میں انڈونیشیا میں مشتعل ہجوم نے پارلیمنٹ کی عمارت کو آگ لگا دی تھی، جس میں کم از کم 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔