عمان کا اعلیٰ سطحی وفد ہندوستان کا دورہ کرے گا

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
 
عمان کا اعلیٰ سطحی وفد ہندوستان کا دورہ کرے گا
عمان کا اعلیٰ سطحی وفد ہندوستان کا دورہ کرے گا

 

 

آواز دی وائس،نئی دہلی

عمان کا ایک 48 رکنی وفد، تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وزیر قیس بن محمد الیوسف کی قیادت میں 10 سے 14 مئی تک ہندوستان کا دورہ کرے گا۔ وفد میں صحت، فارماسیوٹیکل، کان کنی، سیاحت، ٹیلی کمیونیکیشن، توانائی، شپنگ اور رئیل اسٹیٹ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینئر حکام اور تاجر شامل ہیں۔

ملک کی تجارت اور صنعت کی وزارت نے منگل کو کہا کہ اس تقریب میں، دونوں اطراف کے سینئر حکام 11 مئی کو راجدھانی میں منعقد ہونے والی ہند-اومان جوائنٹ کمیشن میٹنگ (جے سی ایم) کے 10ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

جس کی مشترکہ صدارت حکومت ہند کی طرف سےمرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل اور عمان کے وزیر تجارت و صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وزیر قیص بن محمد الیوسف کریں گے۔ پروگرام میں، 12 مئی کوانڈیا-اومان جوائنٹ بزنس کونسل (جے بی سی ) کی طرف سے مشترکہ طور پر فکی اور عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی میٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔

جے بی سی میں دونوں طرف کے وزراء شرکت کریں گے جو پروگرام سے خطاب کریں گے اور ہندوستان اور عمان کی کاروباری برادریوں کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے۔

نئی دہلی اور ممبئی میں اس دورے کے دوران کاروباری تقریبات، صنعت کے ساتھ بات چیت، سرمایہ کاروں کی میٹنگز اور بہت سی دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ مالی سال 2021-2022 کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت 82 فیصد اضافے سے 9.94 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔