فوج کے انجینئروں کا کووڈ کے مریضوں کے لئےتحفہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ایک بڑی کامیابی
ایک بڑی کامیابی

 

 

نئی دہلی: کووڈ کی دوسری لہر کے نتیجے میں ہندوستان میں آکسیجن اور آکسیجن سلنڈروں کی غیرمعمولی مانگ کی صورت حال پیش آئی۔ چونکہ آکسیجن کا نقل و حمل مائع شکل میں کرایوجینک ٹینکوں میں ہوتا ہے، اس لئے مائع آکسیجن کو تیزی کے ساتھ آکسیجن گیس میں تبدیل کرنا اور مریضوں کے بیڈ پر ان کی دستیابی کو یقینی بنانا کووڈ مریضوں کا علاج کرنے والے سبھی اسپتالوں کے لئے ایک اہم چیلنج ثابت ہوا۔

 میجر جنرل سنجے ریہانی کی ماتحتی میں فوج کے انجینئروں پر مشتمل ایک ٹیم نے اس چیلنج کا حل تلاش کرنے کے لئے ایک پہل کی۔ گیس سلنڈروں کے استعمال کے بغیر آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ایک اختراع کے جلد از جلد نفاذ کے لئے ایک اختصاص یافتہ ٹاسک فورس کو تیزی کے ساتھ لگایا گیا، تاکہ سلنڈروں کو بار بار بھرنے کی مشقت سے بچا جاسکے۔

 سات دنوں سے بھی زیادہ وقت تک سی ایس آئی آر اور ڈی آر ڈی او کے ساتھ راست صلاح و مشورے سے ویپورائزرس، پی آر وی اور مائع آکسیجن سلنڈروں کا استعمال کرتے ہوئے اس کا ایک حل دریافت کیا گیا۔ کووڈ کے مریض کے بیڈ پر مطلوبہ دباؤ اور درجہ حرارت پر مائع آکسیجن کی آکسیجن گیس میں مسلسل تبدیلی کو یقینی بنانے کے لئے ٹیم نے کم صلاحیت (250 لیٹر) کے از خود دباؤ ڈال سکنے والے مائع آکسیجن سلنڈر کو خاص طور سے ڈیزائن کئے گئے ویپورائزر اور راست استعمال کرنے کے لائق آؤٹ لیٹ دباؤ (4 بار) کے توسط سے درکار لیک پروف (رساؤ سے پاک) پائپ لائن اور پریشر والوو کو استعمال میں لانے کا کام کیا۔

 چالیس کووڈ بیڈ کے لئے دو سے تین دن کی مدت تک آکسیجن گیس فراہم کرنے کی اہلیت رکھنے والے دو مائع سلنڈر والے پروٹوٹائپ کو دہلی کینٹ کے بیس اسپتال میں فعال کیا گیا۔ ٹیم نے اسپتالوں میں مریضوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ تک لے جانے جیسی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے ایک موبائل ورژن کا بھی تجربہ کیا ہے۔

یہ سسٹم اقتصادی نقطہ نظر سے قابل عمل ہے اور استعمال کے اعتبار سے محفوظ ہے، کیونکہ یہ پائپ لائن یا سلنڈروں میں گیس کے اعلیٰ دباؤ کو دور کرتا ہے اور اسے چلانے کے لئے بجلی کی سپلائی کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ یہ سسٹم متعدد مقامات پر لگانے کے لئے تیزی سے تیار کیا جاسکتا ہے۔

 یہ اختراع پیچیدہ مسائل کے سہل اور عملی حل میں اختراعاتی حل کو فروغ دینے کے تئیں فوج کی عہد بستگی کی ایک مثال ہے۔ بھارتی فوج کووڈ-19 کے خلاف اس جنگ میں ملک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔