فلم ’نونہال ’:چاچا نہرو سےہندوستانی بچوں کے رشتے کی کہانی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-11-2021
فلم ’نونہال ’چاچا نہرو سےہندوستانی بچوں کے رشتے کی کہانی
فلم ’نونہال ’چاچا نہرو سےہندوستانی بچوں کے رشتے کی کہانی

 

 

ثاقب سلیم

معاشرے کا حصہ ہونے کےسبب فلم ساز ہمیشہ اس سے جڑے لوگوں کے مزاج کو پڑھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ حالیہ دہائیوں میں، ہم نے ہندوستانی فلموں میں دہشت گردی، ہم جنس پرستی اور بدعنوانوں پر بہت زور دیکھا۔دراصل فلموں نے ہمیشہ اس معاشرے کی ترجمانی کی ہے جس سے اس کا تعلق ہے۔ آج، ایک دوست نے مجھ سے جواہر لعل نہرو اور بچوں کے درمیان لگاو اور رشتہ کو بیان کرنے کو کہا تو میں نے اس سے کہا کہ ،اس کے لیے 1967 کی فلم’’ نونہال‘‘ دیکھو تو جواب مل جائے گا۔ رشتہ یا لگاو کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ نہرو کی موت کے بعد بننے والی فلم ان کے ایک بچے کے 'چاچا' (پپو) ہونے کے موضوع کے گرد گھومتی ہے۔

ساون کمار کی لکھی ہوئی یہ فلم اس امید کی علامت ہے کہ نہرو عام ہندوستانیوں کے دلوں میں اتر سکتے ہیں۔جہاں ایک طرف وہ نہرو کو مستقبل کے ہندوستان کی امید کے طور پر دیکھتا ہے، تو دوسری طرف نونہال اس مسئلے کو سامنے لاتا ہے جس کا ہندوستان کو 1960 کی دہائی میں سامنا تھا۔

فلم کا آغاز ایک اسکول کے بچے راجو (ببلو) سے ہوتا ہے، جو اسکول کی جائیداد کو تباہ کرتا ہے۔

اسکول انتظامیہ نے، اس بدتمیزی کی شکایت پر، پرنسپل (بلراج ساہنی) سے راجو کے والدین کو مطلع کرنے کی ہدایت کی۔

لیکن اس  پر پرنسپل نے جواب دیا کہ راجو یتیم ہے،اس لیے وہ ایسا نہیں کرسکتے۔

بہرحال انتظامیہ کاسوال تھا کہ وہ 'غیر یتیموں' کے لیے بورڈنگ اسکول میں کیسے پڑھ سکتا ہے اور اسے نکال دیا جانا چاہیے۔ پرنسپل لڑتا ہے اور اپنے موقف پر اٹل رہتا ہے کہ یتیموں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جانا چاہیے۔ جس کے سبب راجو کو رہنے کی اجازت مل جاتی ہے لیکن اس کا ہم جماعت بچوں کے ساتھ آئے دن جھگڑا ہو جاتا تھا جو اسے ’یتیم‘ کہتے تھے۔

ایک دن، پرنسپل اسے نہرو کی تصویر کے سامنے لے جاتا ہے اور بتاتا ہے کہ راجو ب یتیم نہیں ،بغیر سرپرست نہیں ۔بلکہ نہرو اس کے 'چاچا' ہیں۔راجو کے دماغ پر اس بات کا گہرا اثر پڑتا ہے ،وہ اس بات کو سنجیدگی سے لیتا ہے اور یہ ماننے لگتا ہے کہ نہرو اس کے 'چاچا' ہیں۔وہ انہیں خط لکھنے لگتا ہے جس میں سے ایک کا اسے جواب بھی ملتا ہے۔

اسی دوران اسے معلوم ہوا کہ اس کا 'چاچا' ممبئی آ رہا ہے۔جب سب بچے اپنے والدین کے ساتھ بورڈنگ ہاؤس سے گھر کا رخ کررہے تھے۔اس وقت راجو بھاگ کر ممبئی چلا گیا۔

پھر یہ فلم اس کے ایک گینگ کے ہاتھوں پکڑے جانے کی کہانی تھی، جو اسے دوسرے بچوں کے ساتھ بھیک مانگنے پر مجبور کرتا ہے، وہاں سے بھاگ کر دہلی پہنچتا ہے لیکن اس کا 'چاچا' اسی دن مر جاتا ہے جس دن وہ اس سے ملنے والا تھا۔

فلم نہرو کے ہندوستان کی تعریف نہیں ہے۔ یہ ملک کے اندر کے مسائل، اپنے وزیر اعظم سے عوام کی شکایات اور پھر بھی وہ امیدیں سامنے لاتا ہے جو انہوں نے پیدا کی تھیں۔ ممبئی میں جب راجو اپنے چاچا سے نہیں مل سکا۔

لیکن اس دوران اس کی ملاقات ایک اور شخص سے ہوتی ہے۔ اس کردار کوسروجنی نائیڈو کے بھائی ہریندر ناتھ چٹوپادھیائے نے نبھایا تھا۔ جو راجو کو بتاتا ہے کہ اس کا 'چاچا' صرف تقریر کرتا ہے اور لوگوں کو اس کی بات سننے پر مجبور کرتا ہے لیکن دوسرے ہندوستانیوں کی کبھی نہیں سنتا۔چٹوپادھیائے کہتے ہیں کہ ان کے پاس نہرو کو بتانے کے لیے بہت کچھ ہے، اور ان کے ساتھ لاکھوں ہندوستانیوں کو ایسی ہی شکایتیں ہیں۔

 اس کے بعد ایک گینگ راجو کو پکڑ لیتا ہے، جو اسے بھیک مانگنے پر مجبور کرتا ہے۔ اس گروہ میں کئی لڑکیاں اور لڑکے تھے، جنہیں بھیک مانگنے پر مجبور کیا جاتا تھا۔ فلم میں اس کے بعد جگدیپ ایک شاعر کے کردار میں نمودار ہوتے ہیں جو کہ اس گینگ کے لیے گیت لکھتے تھے۔ان گیتوں کو بچے گاتے تھے۔وہ افسوس کا اظہار کرتا ہے کہ اس معاشرے اور قوم کا کیا بنے گا، جہاں ایک شاعر سے ایک گیت لکھنے کو کہا جاتا ہے، جسے قوم کے بچے بھیک مانگنے کے لیے گا سکیں ۔

 راجو دہلی پہنچتا ہے اور پرنسپل کو اس بات کا علم ہوا کہ راجو کو ممبئی میں بھیک مانگنے پر مجبور کیا گیا۔پرنسپل کا کہنا ہے کہ شروع میں ان کا خیال تھا کہ نہرو سے ملنا راجو کا ایک غیر حقیقی خواب تھا، لیکن اب وہ مانتے ہیں کہ انہیں نہرو سے ملنا چاہیے۔ پرنسپل کے مطابق راجو بچہ نہیں ہے بلکہ ملک کی تمام پسماندہ آوازوں کا نمائندہ ہے۔ نہرو غریب ہندوستان کی آوازیں نہیں سن رہے ہیں اور راجو کو ان کے ذریعے وہ آوازیں سنانی پڑتی ہیں۔ راجو کے لیے یہ صدمہ ناقابل برداشت تھا اور فلم میں ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم کو ایک یادگار گانے کی شکل میں خراج تحسین پیش کیاگیا تھا۔

میری آواز سنو، پیار کا راگ سنو

 کیفی اعظمی کے لکھے اس گیت کو محمد رفیع نے اپنی آواز دی تھی۔ فلم میں ایک موقع پر راجو اپنے استاد سے پوچھتا ہے کہ نہرو اپنی جیب میں گلاب کیوں رکھتے ہیں؟

جس کا جواب اس گانے میں دیا گیا جب کیفی لکھتے ہیں، میں نے ایک پھول جو سینے پر سجا رکھا تھا، اس کے پردے میں تمھے دل سے لگا رکھا تھا۔

 اس گیت سے یہ امید پیدا ہوتی ہے کہ اس قوم کے نوجوان بچے ہندوستان کو نہرو سے کہیں آگے لے جائیں گے۔

 یہ فلم ہندوستانی معاشرے پر نہرو کے اثرات اور ہندوستانیوں نے انہیں کیسے سمجھا اس کی یاد دہانی یا نمونہ ہے ۔