دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد 11 کروڑ 9 لاکھ 29 ہزار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-02-2021
دنیا کے کونے کونے میں موجود ہے کورونا
دنیا کے کونے کونے میں موجود ہے کورونا

 

 

جنیوا:دنیا کے کونے کونے میں موجود ہے کورونا ۔ دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء سے محفوظ نہیں ہے اور اس موذی وباء سے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 کروڑ 9 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے اور اس موذی وائرس سے اموات 24 لاکھ 54 ہزار 517 ہوگئ ہے۔

ویب سائٹ ورلڈ او میٹر کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 کروڑ 9 لاکھ 29 ہزار 538 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 24 لاکھ 54 ہزار 517 ہو گئیں۔ کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 2 کروڑ 25 لاکھ 99 ہزار 783 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 95 ہزار 449 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 8 کروڑ 58 لاکھ 58 ہزار 244 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 

کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 5 لاکھ 5 ہزار 309 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 85 لاکھ 23 ہزار 524 ہو چکی ہے۔ ویب سائٹ ورلڈ او میٹر کے مطابق کورونا وائرس کے امریکا میں 93 لاکھ 14 ہزار 794 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 18 ہزار 121 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1 کروڑ 87 لاکھ 3 ہزار 421 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

ویب سائٹ ورلڈ او میٹر کے مطابق ایک ارب سے زائد آبادی والا ہندوستان کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس سے 1 لاکھ 56 ہزار 123 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس موذی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 9 لاکھ 63 ہزار 394 ہو گئی۔اس فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے جہاں یہ جان لیوا وائرس 2 لاکھ 43 ہزار 610 زندگیاں نگِل چکا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 30 ہزار 626 تک جا پہنچی ہے۔

ویب سائٹ ورلڈ او میٹر کے مطابق کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 82 ہزار 396 ہو گئیں جس کے بعد مریضوں کی تعداد 41 لاکھ 39 ہزار 31 ہو چکی ہے جبکہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار 387 ہو گئی اورکیسز کی تعداد 40 لاکھ 83 ہزار 242 ہو چکی ہے۔ فرانس میں کورونا وائرس کی وبا سے مجموعی اموات 83 ہزار 393 ہو چکی ہیں، جہاں اس کے اب تک کل کیسز 35 لاکھ 36 ہزار 648 رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اسپین میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات 66 ہزار 704 ہو گئیں ہیں اور اب تک کورونا کے 31 لاکھ 21 ہزار 687 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد 94 ہزار 887 ہو گئی اور اس کے کل کیسز 27 لاکھ 65 ہزار 412 ہو گئے جبکہ ترکی میں کورونا وائرس سے اموات 27 ہزار 821 تک جا پہنچی ہیں جہاں کورونا وائرس کے کیسز 26 لاکھ 16 ہزار 600 ہو چکے ہیں۔ جرمنی اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر ہے جہاں کورونا وائرس 67 ہزار 547 زندگیاں نگِل چکا ہےاور اب تک اس کے 23 لاکھ 72 ہزار 209 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سعودی عرب اسی فہرست میں 39 ویں نمبر پر آگیا ہے جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 6 ہزار 450 رپورٹ ہوئی ہیں اور مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 29 تک جا پہنچی ہے۔

ایک ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور چین کا اس فہرست میں نمبر 84 ہو چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 89 ہزار 816 ہے جبکہ کُل ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 636 ہوگئی۔