کورونا ویکسین سے حاملہ خواتین کو کوئی خطرہ نہیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-03-2021
کووڈ ویکسینز حاملہ خواتین کے لیے محفوظ
کووڈ ویکسینز حاملہ خواتین کے لیے محفوظ

 

 

واشنگٹن

کورونا ویکسین کے منظر عام پر آنے کے بعد وبا کی شکار دنیا نے سکھ کا سانس تو لیا، لیکن اس کے سائڈ افیکٹس کے حوالے سے گردش کر رہی افواہوں نے عوام کے سامنے نئی مصیبت کھڑی کر دی ہے ۔ حاملہ خواتین کے لئے مضر ہونے کی افواہوں کے بیچ ایک تحقیق سامنے آئی ہے جس میں اس کے حاملہ خواتین کے لئے مضر ہونے کے مفروضے کی نفی کی گیی ہے ۔

تحقیق میں بات سامنے آئی ہے کہ موڈرنا اور فائزر کی کووڈ 19 ویکسینز حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین میں مضبوط مدافعتی ردعمل کو اتنا ہی متحرک کرتی ہیں جتنا ان کی عمر کی دیگر خواتین میں۔ اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ آن لائن پری پرنٹ سرورپر جاری کیے گئے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ویکسینز تمام خواتین کے لیے یکساں طور پر محفوظ ہے بلکہ آنول کےذریعے ان کے بچوں کو بھی کسی حد تک تحفظ مل سکتا ہے۔

اس تحقیق میں 131 ویکسین استعمال کرنے والی خواتین کو شامل کیا گیا جن میں سے 84 حاملہ، 31 بچوں کو دودھ پلانے والی اور 16 غیر حاملہ تھیں۔ موازنے کے لیے محققین نے ایسی 37 خواتین کے خون کے محفوظ نمونوں کا بھی تجزیہ کیا جن میں حمل کے دوران کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی۔ امریکا کے ایموری یونیورسٹی اسکول آف میڈیسین کی اس تحقیق میں شامل ڈاکٹر ڈینس جیمیسن نے بتایا کہ یہ ابتدائی نتائج ہیں مگر ان سے عندیہ ملتا ہے کہ ویکسینز حاملہ خواتین پر بھی دیگر خواتین کی طرح بہترین کام کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیٹا کے نتائج دیگر ابتدائی تحقیقی رپورٹس سے مطابقت رکھتے ہیں۔ اس تحقیق میں صرف موڈرنا اور فائزر ویکسینز کو ہی استعمال کیا گیا تھا کیونکہ تحقیق کے وقت امریکا میں صرف ان کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی گئی تھی۔ مگر تمام ویکسینز ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر مبنی نہیں اور اس تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ حاملہ خواتین پر دیگر ویکسینز کے اثرات کی جانچ پڑتال کی ضرورت ہے، تاہم یہ نئی تحقیق موڈرنا اور فائزر ویکسینز کے لیے اچھی خبر ہے۔

تحقیق میں شامل خواتین کے خون کے نمونے پہلی اور دوسری خوراک کے استعمال کے لیے وقت لیے گئے اور دوسری خوراک کے 6 ماہ بھی لیے گئے۔ اس دوران جن خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوئی ان کے نمونے بھی ڈیلیوری کے وقت لیے گئے۔ محققین نے ان نمونوں میں کورونا وائرس کو ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی اسکریننگ کی۔ تحقیق میں دریافت کیا کہ ویکسین استعمال کرنے والی خواتین میں اینٹی باڈیز کی سطح بیماری سے متاثر ہونے والی حاملہ خواتین کے مقابلے میں نمایاں حد تک زیادہ تھی۔

تحقیق کے دوران 13 خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوئی اور محققین نے ان میں سے 10 کے خون کی جانچ پڑتال میں بھی ویکسین سے بننے والی اینٹی باڈیز کو دریافت کیا۔