مونگ پھلی: جانئے کچھ دلچسپ حقائق

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-11-2021
مونگ پھلی: جانئے کچھ دلچسپ حقائق
مونگ پھلی: جانئے کچھ دلچسپ حقائق

 

 

آواز دی وائس، اسپیشل

سردی کے موسم میں گھر والوں کے ساتھ محفل ہو یا ہم عمر افراد کی بیٹھک، گھرو دفتر کے باہر چائے وغیرہ کی باری ہو یا یونہی ٹہلتے ہوئے دوستوں کے ساتھ گپ شپ کا موقع، مونگ پھلی ہر موقع پر یوں فٹ ہِوتی ہے گویا بنی ہی اس خاص ایونٹ کے لیے ہو۔

گرما گرم مونگ پھلی کو توڑ کر کھانے کی مشقت ہو یا کڑکڑاتے اسنیکس پیکٹ میں دستیاب نمک و مصالحہ لگی پی نٹ، ہو یا پی نٹ بٹر، ہر ایک اپنی پسند کے مطابق مونگ پھلی یا اس کی کوئی پروڈکٹ منتخب کرتا ہے، مگر ایسے میں یہ کم ہی سوچا جاتا ہے کہ ہماری پلیٹ تک پہنچنے سے قبل یہ ننھا سا دانہ کتنے عرصے میں اور کن مراحل سے گزر کر ہم تک پہنچا ہے۔

 دنیا کے40 سےزائد ملکوں میں کاشت کی جانے والی مونگ پھلی ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں کاشت کی جاتی ہے۔

 پی نٹ یا گراؤنڈ نٹ کے ناموں سے بھی پہچانے جانے والی مونگ پھلی گرمیوں کی ایسی فصل ہے جو ملک کے بالائی اور ان سے ملحق علاقوں میں سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی تیار ہو کر مارکیٹ میں پہنچ جاتی ہے۔

مونگ پھلی کی کاشت

مونگ پھلی کی کاشت کا سلسلہ اپریل کے ابتدائی دنوں سے شروع ہو جاتا ہے۔ اکتوبر اور نومبر کے مہینوں تک اس کی کٹائی اور تیاری کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

اس کے بعد مونگ پھلی کے دانے نکال کر انہیں کھانے، تیل نکالنے سمیت دیگر مصنوعات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ جب کہ تیل نکالنے کے بعد بچ جانے والے جزو سمیت اس کے خول کو جانوروں کی غذا کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

فصل کی کٹائی کیسے؟

مونگ پھلی کی فصل تیار ہونے پر روایتی طریقوں کے ساتھ ساتھ جدید مشینری استعمال کر کے اس کی کٹائی اور تھریشنگ ہوتی ہے۔ معیار کے لحاظ سے سب سے بہتر مونگ پھلی وہ مانی جاتی ہے جو پکنے پر پودے سے الگ ہو۔ بہت سےعلاقوں میں ایسی مونگ پھلی کو اب بھی ہاتھوں سے چنا جاتا اور بہتر قیمت پر مارکیٹ میں فراہم کیا جاتا ہے۔

مونگ پھلی میں تیل کی مقدار

مونگ پھلی کے ایک دانے میں 50 فیصد تیل پایا جاتا ہے۔ اس کا تقریبا ایک فٹ یا کچھ زیادہ کی اونچائی تک کا پودا نسبتا زیادہ پھیلاؤ رکھتا ہے۔ مونگ پھلی کے خول میں ایک سے چار تک دانے پائے جاتے ہیں۔ زرعی ماہرین کے مطابق مونگ پھلی دنیا میں اگائی جانے والی غذائی فصلوں میں تیرہویں اہم فصل تسلیم کی جاتی ہے۔

دنیا میں کھانے کے لیے استعمال کیے جانے والے تیل کے حصول کے لیے یہ چوتھا بڑا ذریعہ ہے جب کہ ویجیٹیبل پروٹین کا تیسرا بڑا ذریعہ تسلیم کی جاتی ہے۔

مونگ پھلی کی غذائیت

مونگ پھلی میں 43 تا 55 فیصد تیل، آسانی سے ہضم ہو جانے والی 25 تا 32 فیصد پروٹین اور 20 فیصد کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں۔

ملک کے انٹرنیشنل کراپس ریسرچ انسٹیٹیوٹ فار دی سیمی ایرڈ ٹراپکس (آئی سی آر آئی ایس اے ٹی) کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں پیدا ہونے والی کل مونگ پھلی کا 50 فیصد تیل نکالنے، 37 فیصد کھانے اور 12 فیصد بیج کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

سردی کا اہم ڈرائی فروٹ

بھنی ہوئی مکمل یا خول سے نکال کر الگ کی گئی مونگ پھلی یوں تو پورے سال ہی ڈرائی فروٹ کے طور پر کھائی جاتی ہے۔ اس سے بنا پی نٹ بٹر اور دیگر مصنوعات بھی روزمرہ زندگی کا حصہ ہے، البتہ سردیوں کے موسم میں مونگ پھلی زیادہ ڈیمانڈ رکھنے والے ڈرائی فروٹس میں سرفہرست آ جاتی ہے۔

مونگ پھلی کی عالمی پیداوار کا 95 فیصد ترقی پزیر ملکوں میں کاشت کیا جاتا ہے جب کہ کل پیداوار کا 70 فیصد ایشیائی ملکوں میں کاشت ہوتی ہے۔

ہمارے ملک ہندوستان کے علاوہ چین میں مونگ پھلی پیدا کرنے والے سب سے بڑا ملک ہے، جہاں کل پیداوار کا 50 فیصد کاشت کیا جاتا ہے۔