اسٹروک سے بچنے کیلئے علامات و وجوہات جاننا ضروری ہے، ماہرین

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 28-10-2022
اسٹروک سے بچنے کیلئے علامات و وجوہات جاننا ضروری ہے، ماہرین
اسٹروک سے بچنے کیلئے علامات و وجوہات جاننا ضروری ہے، ماہرین

 

 

ویب ڈسک :ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اسٹروک (دماغی شریان کا پھٹنا اور فالج لاحق ہونا) کے کیسز میں کافی اضافہ ہوا ہے، اس کی وجہ طرز زندگی اور جینیاتی تبدیلیاں بھی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اسٹروک سے بچنے کے لیے اس کی علامات اور لاحق ہونے کی وجوہات جاننا اور بروقت علاج کرانا نہایت ضروری ہے۔

عالمی یوم اسٹروک پر ماہرین نے اس حوالے سے آگہی کے لیے بتایا ہے کہ اسٹروک اس وقت واقع ہوتا ہے جب دماغ کی جانب خون کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جس کے نتیجے میں آکسیجن کی کمی واقع ہونے سے دماغ کے سیل اور ٹشوز کو نقصان پہنچتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کا اگر بروقت تدارک نہ کیا جائے تو اسٹروک سے دماغ کی شریانیں پھٹ سکتی ہیں اور موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔ ہم نے جو طرز زندگی اختیار کررکھی اگر وہ ایک وجہ ہے تو جینیاتی تبدیلیاں بھی اسکا سبب ہے۔ پہلے تو اس کا زیادہ تر شکار 55 سال سے زیادہ عمر کے افراد ہوتے تھے لیکن اب تیزی سے نوجوان بھی اس کیفیت میں مبتلا ہورہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق نوجوانوں میں اس کی وجہ سہل پسندی اور محنت مشقت سے دوری، غیر صحت بخش خوراک اور بعض ایسی ادویات کا استعمال ہے جو اسٹروک کے خطرات کو بڑھاتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق 25 سال سے زیادہ عمر کے ہر چار میں سے ایک شخص میں اس کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہر سال 29 اکتوبر کو اسٹروک سے محفوظ رہنے کے حوالے سے آگہی کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

دریں اثنا معروف  نیورولوجسٹ ڈاکٹر پی این رنجن نے اسٹروک کی علامات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید قسم کا سر کا درد، جسم بالخصوص چہرے کا سن یا بے حس و حرکت ہونا بیماری کی علامت میں شامل ہے۔ اسٹروک کی علامات ماہرین کے مطابق ٹانگ اور جسم کے ایک حصے پر سُن ہونے کی کیفیت، معذوری، بولنے میں مشکل یا واضح انداز میں گفتگو نہ کرسکنا، بینائی کا کھونا یا کبھی کبھی دیکھنے کے دوران اندھیرا چھاجانا یا دھندلاہٹ، متلی اور الٹی، چلنے کے دوران لڑکھڑاہٹ اور جسم کے توازن کو برقرار نہ رکھ سکنا اور سر چکرانا اسٹروک کی واضح علامات میں شامل ہے