انڈونیشیا :چینی ویکسین لگوانے والے درجنوں ڈاکٹرز کورونا میں مبتلا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-06-2021
جان کے پڑ گئے لالے
جان کے پڑ گئے لالے

 

 

جکارتہ :آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے مسلم ملک انڈونیشیا میں کورونا سے تحفظ کی چینی ویکسین سائنو ویک لگوانے والے درجنوں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان کورونا میں مبتلا ہوگئے۔ انڈونیشیا کے صوبے وسطی جاوا کے ضلع کدوس کے 350 ڈاکٹرز اور پیرا مڈیکل اسٹاف کے ارکان کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کے دونوں ڈوز لگوانے کے باوجود کورونا میں مبتلا ہوگئے۔

 رپورٹ میں محکمہ صحت کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ویکسین لگوانے کے باوجود کورونا میں مبتلا ہونے والے زیادہ تر ڈاکٹرز اور نرسز نے خود کو گھروں میں قرنطینہ کرلیا۔ تاہم ساتھ ہی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بعض ڈاکٹرز اور نرسز میں کورونا کی شدید علامات دیکھی گئیں اور انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں انہیں آکسیجن پر رکھا گیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق جن 350 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان میں کورونا کی تشخیص ہوئی، انہوں نے جنوری 2021 کے بعد ابتدائی مرحلے میں کورونا سے بچاؤ کی چینی ویکسین سائنو ویک لگوائی تھی۔ رپورٹ میں مختلف ماہرین صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کورونا کی نئی ڈیلٹا قسم کے انڈونیشیا میں پھیلنے کی وجہ سے ہی ڈاکٹرز اور نرسز کورونا میں مبتلا ہوئے۔

 حکام کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سائنو ویک کی ویکسین کورونا کی ڈیلٹا سمیت دیگر سامنے آنے والی نئی خطرناک برطانوی و بھارتی اقسام پر اثر انداز ہوتی ہے کہ نہیں۔ ویکسین لگوائے جانے کے باوجود کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد انڈونیشیا میں چینی ویکسین سائنو ویک کی افادیت پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔