روزانہ چند بادام کھائیں اور صحت مند رہیں

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 21-10-2022
روزانہ چند بادام کھائیں اور صحت مند رہیں
روزانہ چند بادام کھائیں اور صحت مند رہیں

 


ویب ڈیسک: اگر آپ بادام کھانا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ یہ عادت معدے کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ کنگز کالج لندن کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ چند بادام کھانے سے معدے کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق بادام میں موجود فیٹی ایسڈ معدے کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ہمارے معدے میں اربوں بیکٹریا ہوتے ہیں جو غذا کو ہضم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ صحت پر بھی منفی یا مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔

اس تحقیق میں ایسے 87 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا تھا جو صحت کے لیے نقصان دہ اشیا جیسے چپس کھانے کے عادی تھے۔ ان افراد کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ کو چپس وغیرہ کی بجائے روزانہ 56 گرام ثابت بادام کھانے کا کہا گیا، دوسرے کو 56 گرام پسے ہوئے بادام جبکہ تیسرے کوmuffin کھانے کی ہدایت کی گئی۔

4 ہفتوں تک اس سلسلے کو جاری رکھا گیا اور محققین نے دریافت کیا گیا کہ بادام میںbutyrate synthesis نامی فیٹی ایسڈ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

یہ فیٹی ایسڈ آنتوں کے خلیات کے لیے ایندھن کا کام کرتا ہے اور جب یہ فیٹی ایسڈ مؤثر انداز سے کام کرتا ہے تو معدے میں فائدہ مند بیکٹریا کی نشوونما بہتر ہوتی ہے، جس سے معدے کی دیوار مضبوط ہوتی ہے، غذائی اجزا آسانی سے جذب ہوتے ہیں اور ورم کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ بادام کھانے سے قبض سے متاثر ہونے کا امکان بھی کم ہوتا ہے یا قبض کے شکار افراد کو ریلیف مل سکتا ہے۔ محققین کے مطابق بادام کھانے سے لوگوں کی غذا بھی بہتر ہوتی ہے کیونکہ وہ متعدد اہم غذائی اجزا جسم کا حصہ بناتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔