واٹس ایپ:اب ڈیسک ٹاپ میں وائس اورویڈیو کالزبھی ممکن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2021
ایک اور بڑی سہولت
ایک اور بڑی سہولت

 

 

 واٹس ایپ کو کمپیوٹر پر استعمال کرنے والوں کےلئے ایک اچھی خبر ہے۔ اب آپ اپنے کمپیوٹر سے واٹس ایپ پر کالز کرسکتے ہیں۔ یہ فیچر ون آن ون کال تک محدود ہوگا تاہم فیس بک کی زیرملکیت ایپ کی جانب سے جلد اس میں گروپ کالز کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔ ڈیسک ٹاپ کالز پورٹریٹ اور لینڈ اسکیپ دونوں موڈز پر کام کریں گی۔ڈیسک ٹاپ ایپ میں کال کا آپشن ایک ری سائز ایبل اسٹنڈ آلون ونڈو میں ہوگا، جو ٹاپ پر ہوگی تاکہ اوپن ونڈوز میں گم نہ ہوجائے۔ ایک بلاگ پوسٹ کےمطابق واٹس ایپ پر تمام کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوتی ہیں تو کمپنی کالز کو سن یا دیکھ نہیں سکتی۔

بلاگ میں بھی بتایا گیا کہ نئے سال کے موقع پر ایک دن میں سب سے زیادہ ایک ارب 40 کروڑ وائس اور ویڈیو کالز کی گئی تھیں، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ نیا اضافہ کیا جارہا ہے۔ بڑی اسکرین پر کالز کرنے سے ساتھیوں کے ساتھ کام کرنا آسان ہوتا ہے، خاندان کو زیادہ بہتر طریقے سے دیکھنا ممکن ہوتا ہے یا کمرے میں آرام سے گھومتے پھرتے بات کی جاسکتی ہے۔اس فیچر پر کافی عرصے سے کام کیا جارہا تھا اور 2021 کے شروع میں اسے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ فیچر ان صارفین کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا جو واٹس ایپ کے ویب ورژن کو زیادہ استعمال کرتے ہیں۔

جنوری میں واٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ اور ویب ورژن میں فنگرپرنٹ یا فیس لاک سے لاگ ان ہونے کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا تھا۔ بس اسمارٹ فون میں فنگرپرنٹ اسکینر یا فیس لاک کا ہونا ضروری ہے۔یہ نیا بائیومیٹرک تصدیق کا فیچر بائی ڈیفالٹ ایکٹیو ہوگا اور بس اسی وقت کام نہیں کرے گا جب صارف کی جانب سے فون میں فیس یا فنگرپرنٹ ان لاک کو مکمل سوئچ آف کیا گیا ہو۔