واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی عارضی معطلی ْسے افراتفری

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-03-2021
واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس کی عارضی معطلی سے کہرام مچ گیا
واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس کی عارضی معطلی سے کہرام مچ گیا

 

 

نئی دہلی

انفورمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں یوں تو معاشرہ تیز رفتار زندگی کا عادی ہو گیا ہے لیکن ٹیکنالوجی پر مکمل انحصار نے اس کو غیر مرئی طور پر یرغمال بھی بنا لیا ہے ۔ جدید دور کے انسان کی یہ بیچارگی اس وقت پوری شدت سے عیاں ہوتی ہے جب ٹیکنالوجی کی کسی خرابی سے ان کی انتہائی منظم زندگی درہم برہم ہو جاتی ہے اور وہ خاموش تماشائی بنا اپنی بےبسی کا نظارہ کرتا رہتا ہے۔

کچھ ایسا ہی منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب دنیا کے مختلف ممالک میں سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام، فیس بک میسنجر اور پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ کی سروس متاثر ہوگئی تاہم کچھ دیر بعد تکنیکی خرابی کو دور کردیا گیا جس کے بعد اب سروسز بحال ہوگئی ہیں۔

اس سے قبل سروس متاثر ہونے سے صارفین کو تصاویر، ویڈیوز اور آڈیوز بھیجنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا تاہم سروسز متاثر ہونے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔صارفین کی جانب سے ٹوئٹر پر واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں جبکہ بعض نے فیس بک میسینجر کی سروس بھی متاثر ہونے کی شکایت کی ہے۔

دیگر سماجی رابطے کی ایپس ڈاؤن ہونے پر ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے طنز و مزاح کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔نامی گرامی شخصیات کی جانب سے ٹوئٹر پر فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروس ڈاؤن کا ہونے کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔