ٹوئٹر پوسٹ میں 280 حروف کی حد ہو جائے گی ختم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
ٹوئٹر پوسٹ میں 280 حروف کی حد ہو جائے گی ختم
ٹوئٹر پوسٹ میں 280 حروف کی حد ہو جائے گی ختم

 

 

 ٹوئٹر کی جانب سے ایک ایسے فیچر کو جلد متعارف کرایا جارہا ہے جو طویل تحریروں کو پوسٹ کرنا ممکن بنادے گا۔

اگر یہ فیچر متعارف کرایا جاتا ہے تو پھر آپ کو ایک ٹوئٹ 280 حروف میں مکمل کرنے کی فکر نہیں رہے گی۔

ٹیک کرنچ کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر نوٹس نامی یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

اس فیچر کے بارے میں لیکس کئی ماہ سے سامنے آرہی تھیں اور مئی میں ایپ ریسرچر جین منچون وونگ نے اس کا ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا تھا۔

اس اسکرین شاٹ میں اسے ٹوئٹر آرٹیکل کا نام دیا گیا تھا۔

اب نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹوئٹر ایپ کے بیٹا ورژن میں یہ فیچر موجود ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اسے آئندہ چند ہفتوں میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

اس فیچر میں طویل تحریروں کے لیے فارمیٹنگ اور میڈیا آپشنز بھی دستیاب ہوں گے اور انہیں پبلش کرکے فالوورز سے شیئر کیا جاسکے گا۔

طویل تحریروں کے اضافے سے ٹوئٹر میں بڑی تبدیلی آئے گی جہاں کم از کم الفاظ میں لوگ اپنی بات مکمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

پہلے ایک ٹوئٹ میں صرف 140 حروف استعمال ہوسکتے تھے، 2017 میں حروف کی تعداد 280 کی گئی تھی۔

زیادہ بڑی تحریر کے لیے لوگوں کو ایک ہی تھریڈ میں کئی ٹوئٹس کرنا ہوتے ہیں۔

کمپنی کو توقع ہے کہ زیادہ بڑی تحریروں سے سنجیدہ پوسٹس کو زیادہ اہمیت مل سکے گی۔

اسی طرح مضامین یا بلاگز براہ راست ٹوئٹر پر شائع کرنا بھی صارفین کی توجہ حاصل کرسکے گا۔