شاہ رخ کے ساتھ، میں نیند میں فلم بنا سکتی ہوں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-03-2022
شاہ رخ کے ساتھ، میں نیند میں فلم بنا سکتی ہوں
شاہ رخ کے ساتھ، میں نیند میں فلم بنا سکتی ہوں

 

 

ممبئی : بالی وڈ کی مشہور کوریوگرافر اور ہدایتکار فرح خان کی فلمیں عام طور پر انٹرٹینمنٹ، ایکشن اور مزاح سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ان کی فلمیں ’میں ہوں نا‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ کافی کامیاب ثابت ہوئی تھیں۔

لیکن کافی عرصے سے ان کی کوئی فلم نہیں آئی۔ تاہم انہوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں جلد ہی ہدایتکاری کی جانب واپسی کا عندیہ دیا ہے۔  فلم انڈسٹری کی خبروں کی ویب سائٹ ’بالی وڈ ہنگامہ‘ سے بات کرتے ہوئے جب فرح خان سے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’شاہ رخ کے ساتھ، میں نیند میں فلم بنا سکتی ہوں۔جب صحیح وقت ہوگا تو اس پر کام ہوگا۔

میرے خیال میں ان کی فلم پٹھان ایک بہت بڑی بلاک بسٹر ثابت ہوگی۔واضح رہے کہ کچھ ہفتے قبل شاہ رخ خان نے اپنی فلم ’پٹھان‘ کا اعلان کیا تھا جو اگلے سال جنوری میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم میں ان کے ساتھ اداکار جان ابراہم اور اداکارہ دیپکا پڈوکون بھی ہیں۔

اپنی اگلی فلم کے حوالے سے فرح خان نے کہا کہ ’جب میں چاہوں گی تب بناؤ گی۔ جب دل سے کچھ بنانا چاہوں گی تو ہو جائے گا۔

میں نے روہت شیٹی کے ساتھ فلم بنانے کی کوشش کی لیکن کئی وجوہات کی بنا پر یہ نہیں بن سکی۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اپنی فلم کے لیے تنقیدی پذیرائی نہ ملنے پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن وہ عوامی پذیرائی حاصل کرنا چاہیں گی۔ ’پیسہ آنا چاہیے، کسی کو پیسہ نہیں کھونا چاہیے۔ جب لوگ تھیٹر میں جائیں تو پیسہ وصول ہونا چاہیے۔‘