کیا شاہ رخ ایک اور ’چک دے انڈیا ‘ بنائیں گے؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2021
چک دے انڈیا
چک دے انڈیا

 

 

آواز دی وائس ۔نئی دہلی

ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستانی لڑکیاں ہاکی میں میڈل سے چوک گئیں ۔ملک مایوس ہوا مگر سر فخر سے اونچا ہی رہا کیونکہ جس انداز میں ہندوستانی لڑکیاں کھیلی تھیں اس نے سب کا دل جیت لیا۔

ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہاکی ٹیم کی ہمت افزائی کی اور ٹیلی فون کیا تھا۔

لڑکیوں سے کہا تھا کہ دل چھوٹا نہ کریں ۔جیت ہار تو کھیل کا حصہ ہوتا ہے۔ اب یہی بات فلمی دنیا کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان نے بھی کہی ہے۔

میڈل نہیں ملا لیکن شاہ رخ خان اس بات پر دلبرداشتہ نہیں بلکہ وہ کہتے ہیں کہ یہاں تک پہنچنا بھی کسی جیت سے کم نہیں۔

 اولمپکس کے سیمی فائنل میں انڈیا کی ٹیم ارجنٹینا سے ہارنے کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی تھی۔

جمعے کو کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں بھی انڈین ٹیم ایک دلچسپ مقابلے کے بعد تین کے مقابلے میں چار گولوں سے شکست کھا گئی۔

اس حوالے سے شاہ رخ خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ’ ان کا دل ٹوٹا ضرور ہے لیکن پھر بھی یہ فخر سے سر اونچا رکھنے کا موقع ہے۔

 وہ ہندوستانی کی خواتین کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’آپ نے پورے ہندوستان میں ہر کسی کی حوصلہ افزائی کی ہے اور یہ اپنے آپ میں ایک جیت ہے۔

ہاکی ٹیم کے ڈچ کوچ شورڈ مارین نے اپنی ایک ٹویٹ میں شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ بالی وڈ کے بہترین اداکار ٹیم کی حمایت کررہے ہیں۔

 شورڈ مارین نے خواتین کی ہاکی ٹیم پر بننے والی ایک فلم ’چک دے انڈیا‘ جس میں مرکزی شاہ رخ خان نے نبھایا تھا، کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ اس فلم کا دوسرا حصہ بنایا جائے۔

 واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے 2007 میں جیدیپ سانی کی لکھی جانے والی فلم ’چک دے انڈیا‘ میں خواتین ہاکی ٹیم کے کوچ کا کردار نبھایا تھا۔

بالی وڈ اداکار کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے سواپنل نامی صارف کہتے ہیں کہ ’ہمیں توقع تھی کہ آپ میچ دیکھ رہے ہیں، اس کھیل سے ہمیں دوسروں کے مقابلے میں زیادہ پیار ہے۔‘ ایک صارف نے شاہ رخ خان کی ٹویٹ کے جواب میں انہی کی ایک فلم کا ڈائیلاگ لکھا۔ ’جیت میں تو بہت لوگ ساتھ دیتے ہیں، جو ہار کے وقت بھی ساتھ دے، وہ دل والا ہوتا ہے۔‘