لتامنگیشکر کے لئے شاہ رخ کی دعا،تنازعہ میں کودپڑیں اداکارائیں

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 09-02-2022
لتامنگیشکر کے لئے شاہ رخ کی دعا،تنازعہ میں کودپڑیں اداکارائیں
لتامنگیشکر کے لئے شاہ رخ کی دعا،تنازعہ میں کودپڑیں اداکارائیں

 

 

ممبئی: لتا منگیشکر کی آخری رسومات کے دوران دعا کے بعد پھونکنے کے انداز پر بالی ووڈ کے کنگ خان جہاں انتہا پسندوں کی تنقید کی زد پر ہیں وہیں سوشل میڈیا پر اداکار کے مداح ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کررہے ہیں جب کہ اداکارائیں بھی شاہ رخ کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں۔

بالی ووڈ اداکارہ ارمیلا، شاہ رخ خان کی حمایت میں سامنے آئی ہیں اور انہوں نے کہا کہ بطور معاشرہ ہم اس قدر بگڑ چکے ہیں کہ ہمارے خیال میں دعا بھی تھوکنا ہوگئی ہے۔

میڈیا کے مطابق انہوں نے شاہ رخ خان کا حوالہ دیتے ہوئے تنقید کرنے والوں کو آئینہ دکھایا کہ ایک ایسے اداکار کی بات کی جارہی ہے جس نے مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ملک کی نمائندگی کی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ 'سیاست اتنی نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے اور یہ واقعی افسوسناک ہے'۔ اس کے علاوہ راکھی ساونت نے بھی شاہ رخ سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا۔

 

راکھی نے کہا کہ 'جو لوگ بھی یہ کررہے ہیں انہیں شرم آنی چاہیے، شاہ رخ لیجنڈ ہیں اور بہت بڑے اسٹار ہیں، وہ لتا جی کی میت پر دعا پڑھ کر پھونک رہے تھے'۔

 

راکھی کا کہنا تھا کہ 'نماز پڑھنے کے بعد پھونکا جاتا ہے جس کا مطلب دعا قبول ہوئی، انہوں نے وہاں کچھ نہیں تھوکا، یہ بہت غلط بات ہے، ایسی باتیں مت پھیلاؤ، جیو اور جینے دو'۔

اس کے علاوہ اداکارہ شروتی ہاسن نے بھی شاہ رخ کی حمایت کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری پوسٹ کی۔ انہوں نے شاہ رخ کی لتا کی میت پر موجودگی والی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ میں اس شخص سے ہمیشہ محبت کرتی رہوں گی۔ (ایجنسی)