سعودی عرب میں شاہ رخ خان کو دیا جائے گا اعزازی ایوارڈ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
 سعودی عرب میں شاہ رخ خان کو دیا جائے گا اعزازی ایوارڈ
سعودی عرب میں شاہ رخ خان کو دیا جائے گا اعزازی ایوارڈ

 

 

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو سعودی عرب کے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اعزازی ایوارڈ دیا جائے گا۔

شاہ رخ خان کو سعودی عرب کا یہ باوقار ایوارڈ بھارتی فلم انڈسٹری میں ان کی نمایاں خدمات پر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں دیا جائے گا۔

اداکار نے سعودی عرب میں یہ اعزازی ایوارڈ ملنے پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سے یہ ایوارڈ حاصل کرنے پر واقعی فخر محسوس کر رہا ہوں‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’سعودی عرب اور اس خطے سے تعلق رکھنے والے اپنے مداحوں کے درمیان یہاں آنا مجھے بہت اچھا لگا جوکہ ہمیشہ میری فلموں کے زبردست حامی رہے ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’میں اس خطّے کے ٹیلنٹ کے سراہنے اور یہاں کی اس دلچسپ فلمی کمیونٹی کا حصّہ بننے کا منتظر ہوں‘۔

اس حوالے سے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے سی ای او محمد الترکی نے بھی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ’ہم شاہ رخ خان کو اس اعزاز سے نوازتے ہوئے بہت خوش ہیں، جوکہ ایک قابل ذکر ٹیلنٹ اور عالمی سپر اسٹار ہیں۔

اُنہوں نے ہندوستانی اداکار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’انہوں نے اپنی ابتدائی پرفارمنس سے ہی فلمی شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرلیا تھا اور آج وہ دنیا کے نامور اداکاروں میں سے ایک ہیں‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’فلم انڈسٹری میں 30 سال گزارنے کے بعد شاہ رخ خان ہندوستانی سنیما کے سب سے کامیاب سپر اسٹارز میں سے ایک ہیں اور دنیا بھر کے فلمی شائقین کے محبوب ہیں اور ہم اس دسمبر میں جدہ میں ان کے استقبال کے منتظر ہیں‘۔