ہندوستانی فلموں کی شوٹنگ کے لئے سعودی عرب کی دعوت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
ہندوستانی فلموں کی شوٹنگ کے لئے سعودی عرب کی دعوت
ہندوستانی فلموں کی شوٹنگ کے لئے سعودی عرب کی دعوت

 

 

ممبئی: سعودی وزیر ثقافت اور فلم اتھارٹی مینجمنٹ شہزادہ کے سربراہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے ہندوستان کے تین روزہ دورے کے دوران ممبئی میں بالی وڈ کے ستاروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ثقافت کے ہمراہ فلم اتھارٹی مینجمنٹ اور متعدد سعودی کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد بھی تھا۔

دورے کا مقصد ہندوستان کی فلمی صنعت کے ساتھ تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا اور اس حوالے سے تعاون کی راہیں تلاش کرنا اور انہیں فروغ دینا ہے۔ وزیر ثقافت نے ہندوستانی فلم سازوں، ہدایت کاروں اور حکام سے فلمی صنعت کے ساتھ تعاون کے فروغ کے طریقوں کا جائزہ لیا ہے۔

مملکت میں فلموں کی عکس بندی کے لیے ترغیبات اور سہولتوں کا موضوع بھی اٹھایا گیا ہے۔ سعودی وزیر ثقافت نے انٹرنیشنل ریڈ سی فلم فیسٹول کی اہمیت اور انڈین فلم سازوں کا فیسٹول میں خیر مقدم کیے جانے کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی ہے۔

شہزادہ بدر بن عبداللہ نے کہا کہ’ جب پوری دنیا مختلف حوالوں سے رابطوں، رشتوں میں جڑ رہی ہے۔ ہندوستان کا دورہ فلمی صنعت میں سعودی عرب کی حیثیت کو بہتر بنانے کی ایک کوشش تھی‘۔

سعودی وزیر ثقافت کا کہنا تھا کہ ضروری ہو گیا ہے کہ ’پوری دنیا کے ساتھ ثقافتی تعاون مضبوط بنایا جائے۔ فلم اس حوالے سے مضبوط ذریعہ ہے۔ یہ معیشت کو بڑھاوا دینے میں بھی بڑی اہمیت رکھتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارت کے دورے سے مملکت میں ابھرتی ہوئی فلمی صنعت کے رشتے مضبوط ہوئے ہیں۔ کوشش تھی کہ بالی وڈ کے ساتھ شراکت کے مزید مواقع دریافت ہوں تاکہ سعودی وژن 2030 کے اہداف حاصل کیے جا سکیں‘۔

فلم اتھارٹی مینجمنٹ کے ایگزیکٹیو چیئرمین عبداللہ القحطانی نے کہا کہ ’ابھرتے ہوئے ستاروں، عمدہ بنیادی ڈھانچے اور عروج پذیر ماحول کے تناظر میں یہ کہہ سکتے ہیں کہ سعودی عرب دنیا بھر کے فلم سازوں کےلیے پرکشش مقام بن رہا ہے۔ امید ہے باہمی تعاون سے مملکت میں فلمی شعبے کو مزید عروج ملے گا‘۔