سعودی عرب:جسٹن بیبر کا کانسرٹ نے کردیا سحر زدہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-12-2021
سعودی عرب:جسٹن بیبر کا کانسرٹ  نے کردیا سحر زدہ
سعودی عرب:جسٹن بیبر کا کانسرٹ نے کردیا سحر زدہ

 

 

جدہ : سعودی عرب کے شہر جدہ میں کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کے کانسرٹ نے پاپ موسیقی کے مداحوں کے دل موہ لیے۔ سوشل میڈیا پر جسٹن کے چاہنے والوں نے اس دن کو ایک خاص دن قرار دیا۔

جدہ میں اتوار کو فارمولا ون ریسنگ ایونٹ ‘سعودی عرب گران پری’ کے اختتام کے بعد کانسرٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں پاپ گلوکار جسٹن بیبر نے پرفارم کیا۔

کانسرٹ میں شہری جسٹن کے مشہورِ زمانہ گانوں پر جھوم اٹھے۔

ہمارہ ہند کے مطابق انسانی حقوق کے گروپوں اور کارکنوں نے جسٹن بیبر سے کنسرٹ سے قبل شو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب میں ناقدین کی گرفتاریوں اور کریک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کریں۔ جدہ میں پرفارم نہ کریں۔

تاہم گلوکار نے ان اپیلوں کے باجود اتوار کی شب سعودی عرب میں پرفارم کیا۔

چند برس قبل تک سعودی عرب میں یہ ناقابلِ تصور تھا کہ ملک میں اس قسم کے کانسرٹ کا انعقاد کیا جائے۔ کیوں کہ ملک میں کانسرٹس پر پابندی اور نامحرم مرد و خواتین کو عوامی مقامات پر اکھٹا ہونے کی اجازت نہیں تھی۔

سعودی عرب میں حالیہ تبدیلیاں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت سامنے آ رہی ہے جس میں معاشرے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ اور نوجوانوں کو ملازمتوں کی جانب راغب کرنا شامل ہے۔ سعودی عرب میں جسٹن بیبر کے کانسرٹ کا سوشل میڈیا پر بھی خوب تذکرہ ہوا جہاں صارفین کی جانب سے کہا گیا کہ انہیں اس دن کا انتظار تھا۔ 

ایک صارف نے کہا کہ انہیں دس برس سے اس لمحے کا انتظار تھا۔

ایک صارف نے اسے بہترین دن قرار دیا۔

 سعودی عرب میں جسٹن بیبر کے کانسرٹ کو ایک صارف نے ناقابلِ فراموش اور اہم دن کہا۔

ہیومن رائٹس واچ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے سعودی عرب میں معروف شخصیات سے اس طرح کے ایونٹس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ایونٹس سعودی عرب میں انسانی حقوق کے معاملے سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہیں۔

جسٹن بیبر کے کانسرٹ سے چند ہفتے قبل مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر خدیجے چنگیز بھی ان افراد میں شامل تھیں جنہوں نے گلوکار سے فارمولا ون ریس کے بعد پرفارم نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع کردہ ایک کھلے خط میں خدیجے چنگیز نے پاپ گلوکار پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی پرفارمنس منسوخ کر کے دنیا کو ایک طاقتور پیغام دیں کہ ان کا نام اور ٹیلنٹ ایک ایسی حکومت کی ساکھ کو بحال کرنے میں استعمال نہ کیا جائے جو اپنے ملک کے ناقدین کو قتل کر دیتی ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ واضح رہے کہ جمال خاشقجی 2018 میں استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیے گئے تھے۔ وہ سعودی حکومت خصوصاً ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کڑے ناقد تھے اور امریکی اخبار ‘واشنگٹن پوسٹ’ میں ہفتہ وار کالم بھی لکھا کرتے تھے