سلمان خان کونہیں ملا’پرم ویر‘

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-02-2021
سلمان خان اور پرم ویر
سلمان خان اور پرم ویر

 

 

ممبی:آج سلمان خان کے پاس کیا نہیں ہے؟ گاڑی ہے، بنگلہ ہے، موٹریں ہیں اور دودوماں ہیں لیکن اگر نہیں ہے تو پرم ویر۔ جی ہاں ! چونکنے کی ضرورت نہیں۔ پرم ویر ایک گھوڑاہے جوبھائی جان کو پسند آگیاہے مگر اس کا مالک فروخت سے انکار کرتا ہے۔ منہ مانگی قیمت لگانے کے باوجود مالک اپنا گھوڑا فروخت کرنے سے انکارکر رہاہے۔ یہ مارواری نسل کا گھوڑا ہے۔

سلمان خان کا شمار بالی وڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے اور ان کے مداح شدت سے ان کی فلموں کا انتظار کرتے ہیں۔ وہ کروڑوں دلوں پر راج کرتے ہیں لیکن ان کے دل کو ایک گھوڑا ’پرم ویر‘ بھاگیا ہے جو انھیں مل نہیں سکتا۔ میڈیا کے مطابق پنجاب کے ضلع فرید کوٹ میں گھوڑوں کے مقابلے میں احمد آباد سے رنجیت سنگھ راٹھور نامی شہری نے 2 گھوڑے بھی میدان میں اتارے تھے جن میں سے ایک پرم ویر سلمان خان کو پسند آگیا۔

سلمان خان کی جانب سے گھوڑا خریدنے کی بڑی کوششیں کی جارہی ہیں اور انہوں نے اس کی بولی بھی ایک کروڑ روپے لگائی ہے لیکن مالک نے دینے سے انکار کردیا ہے۔ سلمان خان نے جو گھوڑا پسند کیا ہے وہ مارواری نسل کا ہے جس کا رنگ سیاہ ہے جبکہ اس کا روزانہ خرچہ 2 ہزار روپیہ ہے۔ (ان پٹ ایجنسی)