پاکستان: جانئے کس نے کیا بُک ہندی فلم دیکھنے کے لیے پورا سینما ہال

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-03-2022
پاکستان: جانئے کس نے کیا ہندی فلم دیکھنے کے لیے پورا سینما  ہال بُک
پاکستان: جانئے کس نے کیا ہندی فلم دیکھنے کے لیے پورا سینما ہال بُک

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

سرحد پار پاکستان میں ہندی فلموں کا جنون کس حد تک ہے اس کا ایک نمونہ حال میں ملا ہے جب پاکستان کے شوبز انڈسٹری کی معروف اور رومانوی جوڑی منیب بٹ اور ایمن خان کو ہندی فلم دیکھنے کے لیے پورا سینما بُک کروانے پر شائقین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

منیب بٹ نے 21 اور 22 مارچ کی درمیان شب انسٹاگرام اسٹوری میں ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ اہلیہ ایمن خان سے کہتے سنائی دیتے ہیں کہ انہوں نے ان کی خاطر پورا سینما بُک کروایا ہے اور اگر ہندی فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ مزے کی نہیں نکلی تو وہ ’یہ نہ تھی ہماری قسمت‘ دیکھیں گے۔

 مختصر ویڈیو میں منیب بٹ خود نہیں دکھائی دیتے، تاہم ان کی اہلیہ ایمن خان کو دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سینما ہال خالی ہے، تاہم وہاں ایمن خان کے علاوہ کچھ دیگر لوگ بھی دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم منیب بٹ کی جانب سے ایمن خان کے لیے پورا سینما بُک کرائے جانے کی بات کرنے کے بعد لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہوں نے بھارتی فلم کے لیے سینما کیوں بک کروایا؟

منیب بٹ کی پوسٹ پر مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ انہوں نے اہلیہ کو فلم دکھانے کے لیے جہاں پورا سینما بُک کروایا، وہیں انہوں نے مذکورہ کام پاکستانی نہیں بلکہ بھارتی فلم دیکھنے کے لیے کیا۔

 ایک مداح نے ان کی ویڈیو پر کمنٹ کیا کہ کاش منیب بٹ اہلیہ کو پاکستانی فلم دکھانے کے لیے پورا سینما بُک کرواتے؟ ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر دکھ کا اظہار کیا کہ پاکستانی شوبز شخصیات کو اپنے ہی ملک کی فلمیں پسند نہیں۔ ۔

 وہیں کچھ لوگوں نے ان کی پوسٹ پر کمنٹ کیے کہ منیب بٹ نے اس لیے ہندوستانی فلم دیکھنے کے لیے سینما بُک کروایا، کیوں کہ انڈین فلمیں پاکستان میں نہیں دیکھی جا سکتیں، ان پر پابندی عائد ہے۔

اسی طرح بعض لوگوں نے ان پر الزام بھی عائد کیا کہ انہوں نے پاکستان میں سینما بُک کروایا مگر دوسرے لوگوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے اپنے ملک میں نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں سینما بُک کروایا۔

 جہاں لوگوں نے انہیں ہندوستانی فلم کے لیے سینما بُک کروانے پر تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں لوگوں نے انہیں مشورہ دیا کہ جس طرح انہوں نے فلم کو اکیلے دیکھا، اسی طرح وہ فلم دیکھنے کی خبر کو بھی اپنی ذات تک محدود رکھتے تو اچھا ہوتا۔ خیال رہے کہ ان دنوں منیب بٹ اور ایمن خان دبئی میں موجود ہیں اور انہوں نے وہاں سے تصاویر شیئر کیں۔